Inquilab Logo

برطانیہ کا ہانگ کانگ کے ساتھ’ حوالگی معاہدہ‘ ختم کرنے کا اعلان

Updated: July 22, 2020, 9:01 AM IST | Agency | London

برطانوی وزیرخارجہ ڈومیک راب کے مطابق ہر اس چیز پر پابندی عائد کی جائے گی جس کا ہانگ کانگ کے عوام کیخلاف استعمال کا احتمال ہو

Hong Kong Force - PIC : PTI
ہانگ کانگ میں عوامی احتجاج کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے ( تصویر: ایجنسی

برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کے معاملے پر چین سے کشیدگی بڑھنے کے بعد ہانگ کانگ کے ساتھ ِ ملزمین کی حوالگی کا معاہدہ معطل کر رہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے پارلیمنٹ کے اجلاس  میں کہا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ تحویل ملزمین کا معاہدہ فوری طور پر معطل کیا جائے گا اور ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا دائرہ کار بھی ہانگ کانگ تک پھیلایا جائے گا۔
 ڈومینک راب نے کہا کہ وہ ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا دائرہ کار چین سے بڑھا کر ہانگ کانگ تک لے جائیں گے۔ یعنی برطانیہ سے اسلحہ اور ایمونیشن ہانگ کانگ برآمد کرنے پر پابندی ہو گی۔برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہر وہ چیز ہانگ کانگ برآمد کرنے پر پابندی ہو گی جس کے ذریعے ہانگ کانگ کے شہریوں کو دبانے کا احتمال ہو۔ڈومینک راب نے مزید کہا کہ ہم ان اقدامات کو واپس لینے پر اس وقت تک نظرِ ثانی نہیں کریں گے جب تک ہانگ کانگ کے شہریوں کی تحفظ کیلئے واضح اور ٹھوس حفاظتی انتظامات نہ کئے جائیں۔
 واضح رہے کہ ماضی قریب میں برطانیہ کے چین کے ساتھ بہتر تعلقات تھے۔ ۲۰۱۵ء میں اس وقت کے برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے دنیا کی دوسری بڑی معیشت  چین کے ساتھ تعلقات کے اس دور کو ’سنہری دور‘ قرار دیا تھا۔ لیکن ہانگ کانگ میں چین کے کریک ڈاؤن کے بعد برطانیہ کے چین سے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی ایک اور وجہ چین پر کورونا وائرس سے متعلق حقائق چھپانے کا الزام بھی ہے۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ چین کا نیم خود مختار علاقہ ہے جو ماضی میں برطانیہ کی کالونی بھی رہا ہے۔ برطانیہ  نے ۱۹۹۷ء میں ایک معاہدے کے تحت ہانگ کانگ کا انتظام چین کے سپرد کیا تھا اور معاہدے میں یہ بات شامل تھی کہ ہانگ کانگ کی خود مختاری کا تحفظ کیا جائے گا اور آزاد عدالتی نظام قائم کیا جائے گا۔تاہم ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حق میں مظاہروں اور احتجاج کے بعد چین نے وہاں ایک سخت قانون نافذ کیا ہے جس کے تحت حکومت مخالفین کو کڑی سزائیں دی جا سکیں گی۔نیا سیکوریٹی قانون ہانگ کانگ کے شہریوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ علاحدگی سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمیوں میں شرکت، علاحدگی کے نعرے لگانے یا بینر تھامنے سے گریز کریں۔ بصورتِ دیگر وہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK