Inquilab Logo

شہریت ترمیمی قانون : جلگاؤں بی جے پی اقلیتی سیل کے اراکین کا احتجاجاً استعفیٰ

Updated: January 05, 2020, 4:07 PM IST | Sharjeel Qureshi / I Shaikh | Jalgaon / Dhulia

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ جلگاؤں میں مسلم منچ نامی تنظیم کی جانب سے چکری (سلسلہ وار) بھوک ہڑتال جاری ہے ۔ سنیچر کو اس احتجاج کا ۱۳؍ واں دن تھا ۔

دھولیہ میں شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج ۔ تصویر : انقلاب
دھولیہ میں شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج ۔ تصویر : انقلاب

  جلگائوں؍ دھولیہ : شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر  میں احتجاج کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔  جلگائوں میں مسلم منچ نامی تنظیم کی جانب سے چکری (سلسلہ وار) بھوک ہڑتال جاری ہے ۔ سنیچر کو اس احتجاج کا ۱۳؍ واں دن تھا ۔ اس احتجاج کا  ہی اثر تھا کہ جلگائوں بی جے پی کے اقلیتی سیل میں شامل ۱۵؍ اراکین نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا  ہے اور ان مظاہرین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 
   یہاں جاری چکر ی بھوک ہڑتال کاسنیچر کو ۱۳؍ واں دن تھا  اور اس میں انجمن خدمت خلق،  انجمن شاہ برادری،  اور نوجوانان شاہو نگر کی باری تھی۔  ان تنظیموں کے کارکنان بڑی تعداد میں بھوک ہڑتال میں بیٹھے تھے۔  لیکن  سنیچر کو خاص بات یہ رہی کہ برقع پوش طالبات پر مشتمل دو گروپ خصوصی طور پر اس بھوک ہڑتال میں شریک ہونے آئے تھے  جنہوں نے ایک قطار میں کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔ ان کے دونوں ہاتھ رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ ان رسیوں کو انہوں نے ظلم کی علامت  کے طور پر استعمال کیا تھا۔ اس حالت میں یہ لڑکیاں تقریباً تین گھنٹوں تک کھڑی رہیں۔  ان طالبات کا تعلق جلگائوں کے ڈاکٹر قاضی شاہین گرلز جونیئر کالج سے تھا۔  
  بی جے پی اقلیتی سیل کے اراکین کا استعفیٰ
   ادھر اس بھوک ہڑتال کا اثر یہ ہوا کہ جلگائوں اقلیتی سیل کے ۱۵؍ اراکین نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا اور اس احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا۔  بی جے پی اقلیتی سیل کے صدر عرفان نوری سے استعفیٰ کی وجہ پوچھنے پر انہوں نے  اپنے استعفے کی کاپی اس نمائندے  کے حوالے کر دی جس میں لکھا تھا کہ انہوں نے ۶؍ سال قبل ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کے نعرے سے متاثر ہو کرپارٹی میں شامل ہوئے تھے لیکن اس دوران پارٹی نے صرف دو قوموں کے درمیان نفرت کو ہوا دی  اور ترقی کے تعلق سے کوئی کام نہیں کیا۔ ساتھ ہی لکھا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون میں مسلمانوں کا نام شامل نہ کرکے  بی جے پی نے آئین کے خلاف کام کیا ہے  لہٰذا اب پارٹی میں رہنے کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔عرفان نوری کے ساتھ فیروز چشتی ،صدیق منیار ، صادق رنگریز ،گڈو شیخ ،نور محمد ،لقمان لوکھنڈ والا ،وسیم کھاٹک ،یوسف خان ،منور شیخ ،اقبال قریشی ،عقیل منیار ،گڈو خان ،شیخ عبداللہ  اورشیخ مسعود  نے بھی اپنا استعفیٰ دیدیا ہے۔ 
  دھولیہ میں مظاہرہ
 تحریک فروغِ اسلام  کے صدر قمر غنی عثمانی  کی ایما پر شہر دھولیہ کے سلطانیہ چوک تاشہ گلی میں  حافظ و قاری فاروق چشتی کی قیادت میں ہفت روزہ احتجاج کیا گیا جس میں قاری واجد  چشتی ،حافظ غلام مصطفیٰ ، مولوی زبیر احمد چشتی ، توصیف چشتی وغیرہ موجود  تھے۔ساتھی ہی اعلان کیا گیا کہ جب تک یہ کالا قانون واپس نہیں لیا جا تادھولیہ کی ہر مسجد سے  ہر جمعہ کو احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK