Inquilab Logo

مودی حکومت کے ۸؍سال مکمل ہونے پر کابینہ اور پارٹی کے اراکین نے تعریف کی

Updated: May 31, 2022, 11:45 AM IST | Agency | New Delhi

راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ مودی کی قیادت میں ملک کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی ہے، جے شنکر نے خارجہ پالیسی کی تعریف کی، بی جے پی صدر نے مودی سرکار کے ۸؍ سال کو کامیابی کا دور بتایا

Defense Minister Rajnath Singh during an exhibition organized by the Indian Coast Guard.Picture:INN
انڈین کوسٹ گارڈ کی جانب سے منعقد ہ ایک نمائش کے دوران وزیردفاع راج ناتھ سنگھ۔ تصویر: آئی این این

 مرکز میں مودی حکومت کی تشکیل کے ۸؍ سال مکمل ہونے پر کابینہ کے اراکین کے ساتھ ہی پارٹی کے عہدیداران اور اراکین بھی تشہیر کے کام پر لگ گئے ہیں اور اس دور کو اب تک کا بہترین دور قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر کابینی اراکین  نے سابقہ حکومتوں سے مودی حکومت کا موازنہ بھی کیا۔  اس دوران وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیاکہ مودی حکومت کے کامیاب۸؍ برسوں میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ۸؍ برسوں کے دوران ہی ملک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر اُبھرا ہے۔ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے ۸؍ سال مکمل ہونے کے موقع پرراج ناتھ سنگھ نے پیر کو سلسلہ وار ٹویٹ کرتےہوئے کہا کہ’’ان ۸؍ کامیاب برسوں میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی اور خاص شناخت ملی ہے ۔ آج ہندوستان کو پوری دنیا میں ایک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے ۔ اس بڑی تبدیلی کا کریڈٹ ہمارے کامیاب وزیر اعظم نریندر مودی کی موثر قیادت اوران کے عزم کی قوت کو جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے۸؍ سال حصولیابیوں اور کامیابیوں سے بھرے ہوئے ہیں ۔ عوامی اعتماد کو بنیاد بنا کر ان۸؍ برسوں میں ترقی، گڈ گورننس اور عوامی بہبود کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں ۔ زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی لانے کیلئے گزشتہ۸؍  برسوں میں کی گئی کوششوں سے آج بہترنتائج برآمد ہو رہے ہیں  ۔ آج ہندوستان میں نظام بدلا ہے ، گڈ گورننس قائم ہو چکی ہے۔ غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے دیانتداری اور صداقت کے ساتھ کام کیا گیا ہے جس کا فائدہ معاشرے کے ہر طبقے کو پہنچ رہا ہے۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں دفاعی شعبے میں کافی کام ہوا ہے اوراب ہندوستان کا شمار دفاعی مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ خواہ ملک کے دفاع کا معاملہ ہو یا معیشت کا، ہر محاذ پر ہندوستان کی پوزیشن پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ خود انحصار ہندوستان کے عزم کے ساتھ ہم تیزی سے آگے  بڑھ رہے ہیں اور اس کا اثر دفاعی شعبے میں نظر آرہا ہے۔ آج ہندوستان کا شمار دفاعی سامان برآمد کنندہ ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے پرمیں تمام ہم وطنوں کو مبارکبا دیتا ہوںد اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے  مودی کی موثر قیادت اور گڈ گورننس کی ان کی پالیسیوں کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔‘‘  دریں اثناوزیر خارجہ ایس جے شنکر نے  بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے دوران عمل میں آنے والی خارجہ پالیسی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کے مقابلے ہندوستان کی خارجہ پالیسی اب عوام پر مرکوز ہو گئی ہے، جو ملک کی سلامتی، تعاون، ثقافت اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے ساتھ عالمی سطح پرہندوستان کو اونچا مقام دلانے کیلئے کوشاں ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ بنانے کے عمل میں بنیادی تبدیلی،  تیز، بدعنوانی سے پاک انتظام اور لوگوں کی رہائش کے قریب ڈیلیوری کو یقینی بنائی گئی ہے۔ کووڈ کے دور میں وندے بھارت مشن اور یوکرین میں آپریشن گنگا وغیرہ، بیرون ممالک میں ہندوستانیوں کی حفاظت کے عزم کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی کام کی جگہوں پر شہریوں کو حمایت اور تعاون دینا، پریشان حال ہندوستانیوں اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈز کی توسیع، ہندوستانی ہنرمندوں،  پیشہ ور افراد، کارکنوں اور طلبہ کیلئے زیادہ کام کے مواقع، ہندوستانی سرمایہ کاری اور برآمدات نیز ملک میں روزگار پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے ذریعے قومی سلامتی کو یقینی بنانا اور ہندوستانی ثقافت کو فروغ دے کر عالمی اثر و رسوخ میں اضافہ ہماری خارجہ پالیسی کی نئی جہتیں ہیں۔  اسی درمیان کابینی اراکین کے ساتھ ہی پارٹی عہدیداران کی جانب سے بھی حکومت کی تعریف میں قصیدے پڑھے گئے  ہیں۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ گزشتہ ۸؍  برسوں سے  ذات پات، خاندان پرستی، بدعنوانی اور خوشامد کی سیاست سے متاثر ملک کی ترقی کی فتح کا سفر مسلسل جاری ہے۔  انہوں نے کہا کہ’’یہ `ملک میں کچھ بھی نہیں ہو سکتا‘‘ کے اندھیروں پر’’ملک اگر ٹھان لے توسب کچھ ممکن ہے‘‘کے اعتماد کا سفر ہے۔ یہ ملک کی جمہوریت کو مضبوطی فراہم کرتے ہوئے غریبوں، پسماندہ طبقوں، دلتوں، قبائلیوں، خواتین، نوجوانوں اور سماج کے ہر پسماندہ فرد کو بااختیار بنانے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کا سفر ہے۔ خیال رہے کہ ۲۶؍ مئی کو مودی حکومت کے ۸؍ سال مکمل ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK