Inquilab Logo

کیلی فورنیا کے جنگلات کی آگ پھر بھڑک اٹھی، مزید ۳؍ افراد ہلاک

Updated: October 01, 2020, 11:55 AM IST | Agency | Washington

فائر بریگیڈ عملے کو آگ بجھانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ مقامی اسپتال کو بند کرکے ، مریضوں کو دیگر اسپتال منتقل کروانا پڑا۔ ۵؍ ہزار افراد گھر چھوڑنے پر مجبور

Fire in Forest - Pic : PTI
تمام کوششوں کے باوجود فائر بریگیڈ عملہ ناکام ہے (تصویر: ایجنسی

 — امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی علاقوں میں کئی مقامات پر ایک بار پھر جنگلات کی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کی زد میں آ کر مزید تین افراد ہلاک ہو گئے۔ جب کہ ہزاروں مقامی افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔ایک روز قبل  آگ کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک مقامی اسپتال کو بھی بند کرنا پڑا اور وہاں زیر علاج مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ آگ سان فرانسسکو سے ۴۵؍ میل دور سوناما وائن کنٹری میں اتوار کو پھیلنا شروع ہوئی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑا علاقہ اس کی لپیٹ میں آ گیا۔
 مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار ڈینیل برنیٹ  کا کہنا تھا کہ فائر فائٹروں کو آگ پر قابو پانے میں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ہے، تاہم اسے کنٹرول کرنے کی حتی الامکان  کوشش جاری ہے۔آگ کے باعث ناپا کاؤنٹی میں ۵؍  ہزار نفوس پر مشتمل قصبے کالیسٹوگا کو خالی کرنا پڑا ہے جب کہ یہاں مقیم تمام رہائشی اپنے گھر چھوڑ کر کسی محفوظ مقام پر منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
  واضح یہ آگ مسلسل کئی دنوں سے جاری ہے اور اس نے اطراف کی ریاستوں کے علاوہ پڑوسی ممالک تک کو متاثر کر رکھا ہے۔ درجنوں لوگ اس میں ہلاک اور ہزاروں لوگ اب تک بے گھر ہو چکے ہیں۔  حالیہ برسوں میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے جنگلات میں آتشزدگی کی ایک بڑی وجہ آب و ہوا کی تبدیلی ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ عالمی حدت میں اضافے کی وجہ سے کیلی فورنیا کا علاقہ مزید خشک ہو گیا ہے جس کی وجہ سے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔رواں سال کو جنگلات میں آگ کے حوالے سے تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ اب تک کیلی فورنیا میں لگ بھگ ۸؍ ہزار ایک سو مقامات پر جنگل میں لگی ہوئی آگ کی وجہ سے ۳۰؍ کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ۵؍ ہزار ۷۸۰؍ مربع میل پر محیط علاقہ جل چکا ہے۔ آگ کی زد میں آنے والی۷؍ ہزار سے زائد عمارتیں بھی جل کر راکھ ہو  چکی ہیں۔
  واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق اس آگ کی وجہ اب تک ہزاروں ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ تیار ہو چکی ہے جو کہ فضا کو آلودہ کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ اس کی وجہ سے انسانی صحت حتیٰ کہ جانوں کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ کیلی فورنیا کے علاوہ امریکی ریاست اوریگن میں بھی آتشزدگی کا سلسلہ جاری ہے لیکن کبھی یہ آگ دھیمی ہو جاتی ہے تو کبھی دوبارہ بھڑک اٹھتی ہے۔ مکمل طور پر آتشزدگی کو ختم کرنا کب تک ممکن ہوگا یہ نہ ماہرین بتا رہے ہیں نہ ہی امریکی حکام۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK