Inquilab Logo

اتر پر دیش میں ضمنی اسمبلی انتخابات کیلئے مہم شباب پر

Updated: October 21, 2020, 12:36 PM IST | Agency | Lucknow

تمام جماعتیں اپنی کامیابی کا دعویٰ کررہی ہیں ، اہم لیڈر انتخابی جلسوں میں حصہ نہیں لے رہے ہیں ۔ بی جے پی نے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا ہے ، تشہیر کے اعتبار سے سب سے آگے ہے ، یو گی کئی ورچوئل ریلیوں سے خطاب کرچکےہیں ، تمام سیٹوں پر کامیابی کا دعویٰ ، کانگریس کو بھی کئی سیٹوں پر کامیابی کی اُمید ہے

Voters - Pic : INN
رائے دہندگان ۔ تصویر : آئی این این

اترپردیش میں اسمبلی کی ۷؍ سیٹوں پر ضمنی انتخابات کیلئے نامزدگی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سبھی پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کے حق میں راہ ہموار کرنے اور رائے دہندگان کو اپنی جانب  متوجہ کرنے کیلئے انتخابی مہم تیز کردی ہے۔
 ان سیٹوں پر۳؍نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ نتائج کا اعلان۱۰؍نومبر کو ہوگا۔اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ کچھ دنوں سے کئی ورچوئل ریلیوں سے خطاب کیا  ۔اس انتخاب میں تشہیر کے اعتبار سے برسراقتدار بی جے پی سبھی پارٹیوں کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔اس انتخاب کو۲۰۲۲ءکے اسمبلی انتخابات کا سیمی فائنل مانا جارہا ہے۔یوپی کے ضمنی انتخاب میں تشہیر کے اعتبار سے کافی آگے بی جے پی کیلئے مرکزی وزراء یا سینئر لیڈروں کے انتخابی مہم میں شرکت کرنے کے امکانات کم ہیں ، کیونکہ وہ بہار کے اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ریاست ہی کے وزراء کو ان۷؍سیٹوں پر انتخابی مہم چلانے کیلئے کہا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان ۷؍ سیٹوں پر بوتھ سطح کے پارٹی لیڈروں سے خطاب کیا تھا جبکہ بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتردیو سنگھ انتخابی ریلیوں میں شرکت کررہے ہیں۔
 دوسری جانب اپوزیشن سماجوادی پارٹی،کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی نے ان سیٹوں پر انتخابی مہم کے لئے اپنے مقامی اور ریاست کے لیڈروں پر بھروسہ کیا ہے۔ایس پی کے سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے ساتھ ساتھ کانگریس جنرل سیکریٹری اور یو پی انچارج  پرینکا گاندھی واڈرا نے خود کو انتخابی مہم سے الگ رکھا ہے۔ 
 بی جے پی کے نائب ریاستی صدر وجے بہادر کے مطابق پارٹی کے امیدوار سبھی ۷؍ سیٹوں پر جیت درج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی انتخابی مہم  صحیح وقت پر شروع کی گئی ہے۔ پارٹی سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پارٹی امیدواروں کو عوام کا پورا تعاون مل رہا ہے۔
 ایس پی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ عوام بی جے پی حکومت کی غلط حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں۔ ضمنی  انتخابات کے نتائج سے بی جے پی کو پتہ چل جائے گا۔
   یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ کانگریس امیدوار اپوزیشن خیمے کی قیادت کریں گے۔ کئی سیٹوں پر پارٹی کا امیدوار جیت درج کرے گا۔
 بی ایس پی لیڈر لال جی ورما کے دعوی کے مطابق اکثر سیٹوں پر بی ایس پی امیدوار کو دوسرے امیدواروں کے مقابلے سبقت حاصل ہے۔ اس بار کے ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کیلئے عوام کے پاس جانے کے کئی ایجنڈے ہیں۔ نظم ونسق کے مسائل اور بدعنوانی کا اثر ضمنی انتخابات کے نتائج پر پڑسکتاہے جس کا اپوزیشن پورا فائدہ اٹھانا چاہےگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK