Inquilab Logo

بھیونڈی : بوگس وہپ شائع کرانے والے شخص کیخلاف معاملہ درج

Updated: January 26, 2020, 11:31 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہاں میئر انتخاب کے دوران کانگریس کے گروپ لیڈر حلیم انصاری کا بوگس لیٹر ہیڈ اور دستخط کر کے اخبارات میں اشتہار شائع کرانے والے نامعلوم شخص کے خلاف نظام پور پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن

بھیونڈی : یہاں میئر انتخاب کے دوران کانگریس کے گروپ لیڈر حلیم انصاری کا بوگس لیٹر ہیڈ اور دستخط کر کے اخبارات میں اشتہار شائع کرانے والے نامعلوم شخص کے خلاف نظام پور پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ 
 واضح رہےکہ میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے گروپ لیڈر حلیم انصاری نے ۵؍ دسمبر کو مئیر کے عہدے کے لئے ہونے والے انتخاب کے دوران کانگریس کی کارپوریٹر رشیکا پردیپ راکا کی حمایت میں ووٹ دینے کے لئے تمام کارپوریٹرس کو وہپ جاری کرتے ہوئے ۳؍ دسمبر کواردو اور ہندی کے اخبارات میں اشتہار شائع کرایا تھا۔
 اس معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ۵؍ دسمبر کوالیکشن کے دن کسی نامعلوم شخص نے حلیم انصاری کے بوگس لیٹر ہیڈکا استعمال کرتے ہوئے فرضی دستخط کرکے کونارک وکاس اگھاڑی کی اُمیدوار پرتیبھا ولاس پاٹل کی حمایت میں اردو اور ہندی اخبارات میں فرضی وہپ کا اشتہار شائع کرا دیا تھا۔اس اشتہار پر سخت اعتراض کرتے ہوئے حلیم انصاری نے ووٹنگ سے قبل ہی ریٹرننگ آفیسر سے اس بات کی شکایت درج کرائی کہ ان کے لیٹر ہیڈ کا غلط استعمال  کرتے ہوئے بوگس وہپ جاری کیا گیا ہے۔اس معاملے کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد نظام پورہ پولیس اشٹیشن نے حلیم انصاری کی شکایت پر ۴۶۵، ۴۶۸، ۴۱۷، ۴۷۱؍ کے  تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اس معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس انسپکٹر ایم ڈی جادھو اس کیس کی تفتیش کررہے ہیں۔
 معلوم ہوکہ فرضی وہپ  کے تعلق سے   فریقین نے ڈی سی پی راج کمار شندے کو مکتوب دیکر اس معاملے کی تفتیش کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK