Inquilab Logo

خاتون ریاضی داں کیتھرین جانسن کا ۱۰۱؍ سال کی عمر میں انتقال

Updated: February 26, 2020, 12:50 PM IST | Agency | Washington

امریکی خلائی ادارے ناسا میں طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی کیتھرین جانسن پیر کو۱۰۱؍ سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔کیتھرین کا شمار امریکہ کے بہترین ریاضی دانوں میں کیا جاتا تھا۔

ریاضی داں کیتھرین جانسن ۔ تصویر : یوٹیوب
ریاضی داں کیتھرین جانسن ۔ تصویر : یوٹیوب

  واشنگٹن : امریکی  خلائی ادارے ناسا میں  طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی کیتھرین جانسن پیر کو۱۰۱؍ سال  کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔کیتھرین کا شمار امریکہ کے بہترین ریاضی دانوں میں کیا جاتا تھا۔ انہیں ناسا کے ابتدائی دور میں زمین کے مدار میں راکٹ کے سفر کے   پیچیدہ حسابات اپنی ذہانت کی بل پر کرنے کی وجہ سے ’کمپیوٹر‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔کیتھرین اور ان کی ساتھی سیاہ فام خواتین ناسا کے  ریاست ورجینیا میں قائم مرکز میں۱۹۵۸ء تک ایسے کمپیوٹنگ یونٹ میں کام کرتی رہیں جو نسلی امتیاز کی وجہ سے ادارے سے کٹا ہوا تھا۔ ۱۹۶۱ء اور ۱۹۶۲ء میں کیتھرین  نے پہلے امریکی کو خلا ء تک پہنچانے کے  مشن پر بھی کام کیا تھا۔ اس وقت تک ناسا کے پاس آئی بی ایم کمپیوٹر آ چکا تھا لیکن اس کے حساب کی درستی کی جانچ کیتھرین نے ہی کی تھی۔
 کیتھرین جانسن کے کردار کو۲۰۱۶ء میں ہالی ووڈ فلم’ ہیڈن فیگرس‘ میں پیش کیا گیا۔ اس  فلم کو آسکر ایوارڈز کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔کیتھرین  نے جہاں ناسا میں غیر معمولی خدمات انجام دیں  وہیں ناسا اور امریکی معاشرے میں نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد بھی نمایاں کام کیا۔ صدر اوباما نے کیتھرین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سب سے بڑے سویلین اعزاز پریذیڈنٹ میڈل آف فریڈم سے بھی نوازا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK