Inquilab Logo

مہاراشٹرمیں سیلاب سےنقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مرکز نے ٹیم تک روانہ نہیں کی

Updated: November 25, 2020, 6:25 AM IST | Agency | Mumbai

وزیرمحصول بالاصاحب تھورات کی مرکزپر تنقید،شیوسینا ایم ایل اے پرتاپ سرنائیک کے خلا ف ای ڈی کی کارروائی کو انتقامی کارروائی قراردیا

Balasahab Thorat - Pic : INN
بالا صاحب تھورات ۔ تصویر : ائی این این

بھاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریاست کے کسانوں کوزبردست نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ایسے میں مرکزی حکومت کو ان کی امداد کے لیے آگے آنا چاہئے تھا لیکن مدد کرنا تو دور دو ماہ گزرنے کے بعد بھی نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی حکومت نے اپنی ٹیم تک روانہ نہیں کی۔ کسانوں کے نقصانات کے پیشِ نظر ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے فوری طور  پر۱۰؍ہزار کروڑ روپے کا پیکیج دیا ہے، مگر مرکز ی حکومت امداد دینے کےمعاملےپر ایک لفظ بھی نہیںبول رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کا یہ رویہ ریاستوں کے ساتھ دوہرے پیمانے کو واضح کرتا ہے۔ یہ باتیں منگل کو یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر  اوروزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہیں۔
 بی جے پی کی انتقام کی سیاست کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے تھورات نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کو اس صورتحال میں ریاست کو مدد فراہم کرنا چاہئے کیونکہ جہاں ایک جانب کورونا بحران کی وجہ سے محصول میں کمی واقع ہوئی ہے تو دوسری طرف بحرانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مگر افسوس کہ ایسا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے۔ اس کے برعکس جی ایس ٹی کی واپسی اور ریاستوں کے حقوق  سے متعلق دیگر رقومات تک ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ مرکزکی بی جے پی حکومت اپوزیشن حکومتوں کو الجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
 شیوسینا کے ایم ایل اے پرتاپ سرنائیک کے خلاف ای ڈی کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تھورات نے کہا کہ یہ کانہایت بدبختانہ و قابل اعتراض کارروائی ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت انتقام کے تحت یہ کارروائی کررہی ہے اور بی جے پی کے خلاف بولنے والوں کی آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیاسی وجوہات کی بناء پر مرکز کی تحقیقاتی مشینری جیسے ای ڈی  اورسی بی آئی کو استعمال کرکے حزب اختلاف کو ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسی کارروائیاں بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں نظر نہیں آتیں۔
عوام کو  بجلی بلوںمیںرعایت ملنی چاہئے 
 بجلی بلوں کے بارے میں بی جے پی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے تھورات نے کہا کہ کانگریس کو بھی اس بات کا احساس ہے کہ عوام کو بجلی بلوں پر مراعات ملنی چاہئے لیکن مرکزی حکومت عوام کو روزانہ لوٹ رہی ہے۔ایسے وقت میں جب کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں نہایت کم ہیں،ملک میں پیٹرول اورڈیزل مہنگے داموں فروخت کرکے مرکزی حکومت عوام کو لوٹ رہی ہے۔ بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو مرکزی حکومت کی اس لوٹ مار کے خلاف بھی احتجاج کرنا چاہئے۔
 بالاصاحب تھورات نے کہا کہ بی جے پی لیڈران مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے گرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔وہ یہ خواب دیکھتے رہیں۔ اسی طرح میں دوبارہ آؤنگا کا نعرہ لگانے والوں کیا ہوا؟یہ ہم دیکھ ہی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کا کوئی بھی آپریشن کامیاب نہیں ہوگا۔ تھورات نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اپنی ایک سالہ میعاد پوری کرلی ہے اور اگلی ۴؍ سالہ مدت بھی پوری کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK