Inquilab Logo

ناگالینڈ میں شہری ہلاکتوں پر برہمی، مرکز کا اظہار افسوس

Updated: December 07, 2021, 9:02 AM IST | New Delhi

امیت شاہ نے لوک سبھا میں صفائی پیش کی، کہا کہ گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیاگیاتھا مگر وہ رکی نہیں، جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل، خاطی فوجیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

The last rites of the civilians who were killed in the army firing on Sunday were performed on Monday. The Chief Minister also paid tributes to the victims.
اتوار کو فوج کی فائرنگ میں فوت ہونےو الے شہریوں کی پیر کو آخری رسومات ادا کی گئیں۔ وزیراعلیٰ  نےبھی مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

:ناگالینڈ میں فوج کی فائرنگ میں ۱۴؍ عام شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ  نے لوک سبھا میں بتایا کہ کوئلے کی کانوں کے مزدوروں کی جس گاڑی کو فوجیوں  نے جنگجوؤں کی گاڑی سمجھ کر اندھادھند فائرنگ کی،اسے رُکنے کا اشارہ کیاگیاتھا مگر گاڑی رکی نہیں بلکہ فرار ہونے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔ اس کے ساتھ  ہی معاملے کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہےجبکہ ناگالینڈمیں اس   المناک  حادثہ کے خلاف عوام نے  پیر کو بند منایا۔ ریاستی حکومت نے مہلوکین کے اہل  خانہ کیلئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ 
 لوک سبھا میں وزیر داخلہ کی صفائی
 وزیر داخلہ امیت شاہ نے  ناگالینڈ کے واقعہ پر پیرکو لوک سبھا میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  بتایا کہ حالات کشیدہ مگر کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا  کہ ان کی حکومت اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے کنبوں  کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ وزیر داخلہ  نے بتایا کہ حکومت متاثرہ علاقہ  کے  حالات پر قابو پا کر ماحول کو پرسکون    کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے لیے وہ خود ریاستی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں  نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے شمال مشرقی امور کے ایک سینئر  افسر کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعہ کی تحقیقات کے احکامات دیتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کیلئےکہا گیا ہے۔
جنگجو کی نقل وحرکت کی اطلاع فائرنگ کا سبب
 واقعہ کی تفصیلی معلومات دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ فوج کو ایک گاڑی سے عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی، اس لیے اس کے کمانڈوز نے مشکوک جگہ پر پہنچ کر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔ جب ایک گزرنے والی گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا تو ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے اسے بھگانے کی کوشش کی۔ گاڑی میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے شبہ میں سیکوریٹی  فورسیز کے اہلکاروں نے  فائرنگ کردی۔ واضح  رہے کہ مذکورہ فائرنگ میں ۶؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔  وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کچھ مقامی لوگ وہاں جمع ہوگئے اور سیکوریٹی فورسز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔ انہوں نے وہاں بھی فائرنگ کی اور فوجیوں پر حملہ کیا، جس میں کئی فوجی زخمی ہوئے۔ سیکوریٹی فورسیز کے اہلکاروں نے اپنے دفاع میں اور ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے گولی چلائی جس  میں مزید ۷؍شہری ہلاک اور کچھ زخمی ہوگئے۔
ایف آئی آر درج، جانچ کیلئے ایس آئی ٹی 
  وزیر داخلہ نے بتایا کہ واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔ اس کی جانچ کیلئےایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے اور اسے ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ ریاستی پولیس نے  اس معاملے میں فوجیوں کے خلاف قتل کرنے کے مقصد سے فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔   امیت شاہ نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کے بعد اتوار کو ایک ہجوم نے مون شہر میں آسام رائفل کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی جس کے جواب میں جوانوں نے گولی چلائی جس میں ایک اور شخص کی موت ہو گئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
  ناگالینڈ میں بند، شدید برہمی
  فائرنگ  کے واقعہ کے خلاف  پیر کو پورے ناگالینڈ  میں صبح۶؍بجے سے دوپہر۱۲؍ بجے تک  چھ گھنٹے کا مکمل بند منایاگیا۔ ناگا اسٹوٹنٹ فیڈریشن (این ایس ایف) نے اس بند کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اگلے ۵؍دنوں تک کسی طرح کا کوئی تہوار نہ منائیں اور ۵؍دن تک سوگ منائیں۔
افسپا کو منسوخ کرنے کی مانگ
 این ایس ایف نے مرکزی حکومت  سے اے ایف ایس پی(افسپا) ایکٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ بھی  اس واقعہ کے بعد مودی سرکار سے  فوج کو خصوصی اختیار  دینے والے اس قانون کو  منسوخ کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔  این ایس ایف  اس قانون کو ختم کرنے کیلئے اسمبلی  کا خصوصی اجلاس طلب کرنے  مطالبہ کیا ہے  ۔  دریں اثنا   ناگالینڈ  کے وزیراعلیٰ  نیفیو ریو نےمہلوکین کے حوالے سے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو حکومت۱۱-۱۱؍ لاکھ روپے اور سرکاری ملازمت دے گی۔ انہوں نے مرکز سے پھر اپیل کی ہے کہ وہ افسپا کی منسوخی کا اعلان کرے۔ 

nagaland Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK