Inquilab Logo

چیتا کیمپ : سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطاب پربلیو ڈائمنڈ کا قبضہ

Updated: January 29, 2020, 1:10 PM IST | Staff Reporter | Mumbai

چیتا کیمپ کے مقبول عام سالانہ کرکٹ مقابلے’’محمد ہارون سنجر، غلام احمد خاں آرزو میمورئیل کرکٹ ٹورنامنٹ‘‘ کے خطاب پر مقامی ٹیم بلیو ڈائمنڈ اسپورٹس کلب نے قبضہ جمالیا۔

 خطاب جیتنے والی ٹیم اپنی ٹرافی کے ساتھ
خطاب جیتنے والی ٹیم اپنی ٹرافی کے ساتھ

ممبئی : چیتاکیمپ کے مقبول عام سالانہ کرکٹ مقابلے’’محمد ہارون سنجر، غلام احمد خاں آرزو میمورئیل کرکٹ ٹورنامنٹ‘‘  کے خطاب پر  مقامی ٹیم بلیو ڈائمنڈ اسپورٹس کلب نے قبضہ جمالیا۔ انتہائی سنسنی خیز فائنل مقابلے میں اس نے کرلا کی آصف الیون کو میچ کے آخری اوور کی آخری گیند پر ایک رن بنا کر شکست دی۔  اس موقع پر میدان میں شائقین کا جم غفیر موجود تھا۔ واضح رہے کہ بلیو ڈائمنڈ شروع سے ہی مقابلہ میں ناظرین کی توجہ کا مرکز رہی تھی۔ 
 پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آصف الیون نے ۳؍ اوور میں۲۹؍ رن بنائے تھے ، چونکہ دھندلکا چھانے لگاتھا اس لئے یہ ہدف بلیوڈائمنڈ کیلئے مشکل سمجھا جارہاتھا تاہم   ’مین آف دی ٹورنامنٹ ‘ کا خطاب جیتنے والے اس کے بلے باز  پپو جی نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے اپنی ٹیم کی نیا کو پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فائنل جیسے مقابلہ میں انہوں نے   ریورس سویپ کے ذریعے   چھکا لگا کر پورے میدان میں کھلبلی مچا دی۔ ٹورنامنٹ کے بیسٹ بالر کا خطاب نوراسک کے ملنگا کو دیا گیا جبکہ بلیو ڈائمنڈ کے زبیر علی بیسٹ  فیلڈر کے حق دار قرار دیئے گئے۔ مدنی کے توصیف حنیف عالم کو بیسٹ وکٹ کیپر، فیروز الیون کے رام اور رفیق اور آصف الیون کے مشتاق قریشی کو بیسٹ بالر کا خطاب دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر جمال سنجر اور جلال سنجر نے بتایا کہ فائنل مقابلہ کے موقع پر  راجیہ سبھا کے رکن حسین دلوائی، رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی ، مقامی ایم پی راہل شیوالے، روزنامہ ہندوستان کے ایڈیٹر سرفراز آرزو، ہم آپ کے ایڈیٹر سید جلال الدین  اور دیگر نے شرکت کی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کاآغاز ۴۱؍ سال قبل  محمد ہارون سنجر نے کیاتھا جو تب سے اب تک بلا ناغہ ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہوتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK