Inquilab Logo

یوگی آدتیہ ناتھ کی۵؍ سالہ میعاد کار پر چدمبرم کا شدید حملہ

Updated: February 28, 2022, 1:35 PM IST | Agency | Lucknow

سینئر کانگریس لیڈر نے اسے آمریت،مذہبی منافرت اور ذات پات کی دشمنی سے عبارت قراردیا

P. Chidambaram.Picture:INN
سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم ۔ تصویر: آئی این این

 یوگی حکومت کی ۵؍ سالہ میعاد کار کو آمریت، مذہبی منافرت اور ذات پات کی دشمنی کا مرکب قرار دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر  اورسینئر کانگریس لیڈرچدمبرم نے اتوار کو یوپی کے رائے دہندگان سے تبدیلی کے لئے ووٹ کی اپیل کی۔پانچویں مرحلے کی پولنگ کے دوران اپنے ایک پیغام میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ یوپی  نے۸؍وزرائےاعظم دئیے ہیں باجود اس کے ، اس کا شمار اب بھی پسماندہ خطے میں ہوتا ہے۔لکھنؤ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’میں دور سے ہی اس الیکشن کو دیکھ رہا ہوں۔ میں انتخابی مہموں میں کی گئیں تقاریر  اور ان میں کئے گئے دعوؤں اور وعدوں  سے اچھی طرح واقف ہو ں۔اس نے مستقبل کے تئیں مجھے کافی مایوس کردیا ہے۔میں یوپی کے ووٹروں  کے ادباً گوش گزار کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کس کے لئے ووٹ کررہے ہیں؟آدتیہ ناتھ کی حکمرانی کا ماڈل آمریت، مذہبی منافرت اور ذات پات کی دشمنی، پولیس کی زیادتی اور صنفی تشدد کا مرکب ہے۔اس ماڈل نے ریاست کو کمزور ہی کیا ہے اور ریاست کی اکثریت کو غریب کردیا ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ تبدیلی کا وقت ہے۔آگر آپ کا ووٹ ایک مناسب تبدیلی نہیں لاتا ۔اگر آپ کا ووٹ حکومت کی تبدیلی، رویہ میں تبدیلی، پالیسیوں میں تبدیلی،اقدار میں تبدیلی کا سبب نہیں بنتا ہے تو  آپ کا ووٹ بذات خود آپ اور آپ کے کنبے کے مقاصد و توقعات کے ساتھ انصاف نہیں کرےگا۔میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ کانگریس کیلئے ووٹ کریں، تبدیلی کے لئے ووٹ کریں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ ایک مشکل  ترین الیکشن رہا ہے، جس   میں’چار مین کھلاڑی‘ ہیں اور ان میں سے ہر ایک کی اپنی طاقت اور اپیل ہے۔کانگریس نے ایک لمبے عرصے کے بعد ریاست کی تمام۴۰۳؍سیٹوں پراپنے پرچم کو بلند کرتے ہوئے ہر جگہ سے اپنے امیدوار اتارے ہیں۔اس  نے انتخابات میں صنفی مساوات کیلئے ایک نیا رُخ فراہم کیا ہے۔انہوں نے پرینکا گاندھی کی مہم ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا اس نعرے نے انتخابی مہم کو نئی توانائی فراہم کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK