Inquilab Logo

متاثرہ کسانوں کو جلد از جلد معاوضہ دینے کا وزیراعلیٰ اعلان

Updated: October 20, 2020, 9:41 AM IST | Staff Reporter | Sholapur

شولاپور دورے پراُدھوکی کسانوں کو یقین دہانی ، ضلع انتظامیہ کوفوری طور پر پنچنامہ کر کے تجویز پیش کرنے کی ہدایت

Uddhav Thackeray - Pic : INN
کسانوں کا احوال دریافت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پیر کو شولاپور میں بن موسم ہونے والی طوفانی بارش اور اس سے پیدا شدہ سیلابی صورتحال سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کیا۔  اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں حکومت زبانی جمع خرچ نہیں کرے گی بلکہ پنچنامہ کے ساتھ ساتھ فوری امداد کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ حکومت کسی متاثرہ کو بے سہارا نہیں چھوڑے گی۔اس موقع پر انہوںنے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پرپنچنامہ کرنے اور فنڈکی منظوری کیلئے تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرہ کسانوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے مکانات منہدم ہوگئے ہیں، انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
 اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ آفس سے حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اکل کوٹ تعلقہ میں واقع سنگوئی کھرد اوراکمل کوٹ کے ضلع رام پور میں موسلادھار بارش سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا اور متاثرین سے بات چیت کی۔ اس کے بعد بوری ندی اور اطراف کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کابھی معائنہ کیا۔ اس دورے میں وزیر محصول بالاصاحب تھورات ،  بازآبادکاری کے وزیر وجے ویڈٹی وار ، وزیر زراعت دادا بھسے، نگراں وزیر دتاتریہ بھرنے ، رکن پارلیمنٹ جے سدھیشور مہاسوامی ، رکن اسمبلی سچن کلیان شیٹی  اور دیگر افسران موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں سنگوی کھرد گاؤں میں متاثرہ کسانوں کو ۹۵؍  ہزار ۱۰۰؍ روپے کا چیک بھی دیا گیا ۔ اس کے علاوہ سیلاب میں جن افراد کی موت ہوئی تھی، ان کے ورثا کو بھی چیک تقسیم کئے گئے۔ اس دورے میں رام پور میں منہدم ہونے والے مکانات کا معائنہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کر کے انہیں ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا۔
  وزیر اعلیٰ نے کہاکہ’’محکمہ موسمیات نے ۲۲؍ اور ۲۳؍ اکتوبر تک موسلا دھار بارش ہونے کا انتباہ دیا ہے لیکن اس دوران ایک بھی جان گنوائی نہیں جانی چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے اور اپنے کنبے ، جانوروں کی جانوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ حکومت آپ کا خیال رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو معاوضہ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی۔
 اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے بتایاکہ ’’جن گھروں کو نقصان ہوا ، کھیتوں، جانوروں اور انسانی جانوںکا  نقصان ہوا ہے کہ  ان کا جلد از جلد پنچنامہ کرنے  اور انہیں فوری طور پر مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔متعلقہ افسران اور متعلقہ وزارتوں کو اسی طرح کی ہدایت دے کرفوراً تجویز پیش کرنے کی بات کہی گئی  ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایک کسان ، رمیش بیراجدار سیلابی صورتحال میں۲۴؍ گھنٹے تک درخت پر ہی پناہ لئے ہوئے تھے ۔اسےاین ڈی آر ایف  کے اہلکاروں نے بچایا۔ وزیر اعلیٰ نے  بیراجدار سے ملاقات بھی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK