Inquilab Logo

وزیراعلیٰ ایکناتھ شندےنے’ممبئی-پونے ایکسپریس وے`مسنگ لنک‘پروجیکٹ کا بذریعہ ہیلی کاپٹرجائزہ لیا

Updated: November 12, 2022, 11:41 AM IST | Siraj Shaikh | Raigad

پروجیکٹ کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال سے بنایا جائے گا اور یہ دسمبر۲۰۲۳ء تک مکمل ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ملک کا پائلٹ پروجیکٹ ثابت ہوگا

Chief Minister Shinde reviewing. .Picture:INN
وزیراعلیٰ شندے جائزہ لیتے ہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ’ ممبئی-پونے ایکسپریس وے `مسنگ لنک‘ پروجیکٹ کا بذریعہ ہیلی کاپٹر جائزہ لیا ہے۔ اس ضمن میں  وزیر اعلیٰ  نے زور دے کر کہا کہ ممبئی-پونے ایکسپریس وے کے تحت مسنگ لنک پروجیکٹ، جسے دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا جائے گا، ملک میں ایک پائلٹ پروجیکٹ ہوگا اور اس سے لاکھوں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ منصوبہ دسمبر ۲۰۲۳ء تک مکمل ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ  شندے نے ممبئی پونے ایکسپریس وے (مسنگ لنک) پروجیکٹ کے کھوپولی تا کسگاؤں سیکشن کا جائزہ بذریعہ ہیلی کاپٹر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے لوناولا (سنگھ گڑھ انسٹی ٹیوٹ) کے پاس  جاری سرنگ کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ بعدازیں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر ایم پی شریی رنگ بارنے، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی) کے ڈائریکٹر جنرل رادھی شیام موپلوار، کلکٹر ڈاکٹر راجیش دیش مکھ، پمپری چنچوڑ پولس کمشنر انکش شندے، ایم ایس آر ڈی سی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر راہل وسائیکر وغیرہ موجود تھے۔’اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ مسنگ لنک` پروجیکٹ میں دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ کام بہت مشکل تھا۔ یہ سرنگ لوناولا جھیل کے نیچے تقریباً ۵۰۰سے ۶۰۰فٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔ سرنگ کی لمبائی ۸؍کلومیٹر ہے۔ اور یہ سرنگ دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے بنائی جا رہی ہے۔ سرنگ کی چوڑائی۲۳ء۷۵؍ میٹر  ہے اور یہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا کی سب سے چوڑی سرنگ ہے۔ مسنگ لنک پروجیکٹ ممبئی پونے کا فاصلہ آدھا گھنٹہ کم کر دے گا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یقین ظاہر کیا کہ ٹنل کی وجہ سے گاڑیوں کو گھاٹ کے راستے سے گزرنا نہیں پڑے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK