Inquilab Logo

وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں مہاراشٹرمیں ٹیکہ کاری مہم کا آغاز

Updated: January 17, 2021, 11:59 AM IST | Iqbal Ansari | Bandra

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کورونا ویکسینیشن کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا ہے اس لئے ماسک لگانا، ہاتھ دھونا اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرنای اب بھی ضروری ہے

Uddhav Thackeray - PIC : Pradeep D
وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ڈاکٹر مدھورا پاٹل کو پہلا ٹیکہ لگایاگیا۔(تصویر،انقلاب:پردیپ دھیور

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں باندرہ کرلا کمپلیکس ( بی  کے سی) میں واقع کووڈ سینٹر سے کورونا سے تحفظ کی ریاست گیر ٹیکہ کاری مہم کاآغاز کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے   ٹیکہ دینے کے سلسلہ کی شروعات کو ایک انقلابی قدم قرار دیا  اورکہا کہ کورونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا ہے اس لئے ماسک لگانا، ہاتھ دھونا اور محفوظ فاصلہ رکھنا ان  سہ رکنی احتیاط پر عمل کرنا اب بھی لازمی ہے اور ان پر عمل کرنے میں ہمیں لاپروائی نہیں کرنی ہے۔
  اس تقریب میں  سیاحت اور ممبئی  مضافات کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے، ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر، ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل ، رکن اسمبلی ذیشان صدیقی، ڈپٹی میئر سہاس واڈیکر ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آشیش کمار سنگھ ، محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پردیپ ویاس ، ٹاسک فورس کے ڈاکٹر ششانک جوشی اور  دیگر لیڈر اور افسران موجود تھے۔
   افتتاحی تقریب کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع اور شہروں  میں متعلقہ نگراں وزیر ، میئر اور میونسپل کمشنر کے ہاتھوں  ٹیکہ کاری مہم کی شروعات کی گئی۔
ڈاکٹر مدھورا پاٹل  نے پہلا ٹیکہ لگوایا
 کووڈ سینٹر میں غذا کی ماہر ڈاکٹر مدھورا پاٹل کو وزیر اعلیٰ اور دیگر معززین کی موجودگی میں کورونا سے تحفظ کیلئے ریاستی مہم کا پہلا ٹیکہ لینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ان  کے بعد  ڈاکٹر منوج پاچنگے کو ٹیکہ لگایا گیا ۔ انہیں تالیوں کی گونج کے درمیان ٹیکہ لگایا گیا۔ 
ہر ایک کو کورونا کی روک تھام کے احتیا ط پر عمل کرنا چاہئے
  اس موقع پروزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ ہم ایک عرصے سے سن رہے تھے کہ کورونا سے تحفظ کی ویکسین آئے گی ا ورآج ہمارے پاس یہ ویکسین  آ چکی ہے۔ ویکسینیشن کا آغاز آج سب کی موجودگی میں ہوا ہے لیکن ہم کوروناکو ختم کرنا چاہتے ہیں۔  اس لئے ہمیں  اس وائرس سے تحفظ کے تمام احتیاط پر عمل کرنا ہے۔بحران ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ یہاں تک کہ اگر یہ ویکسین دی بھی جاتی ہے تو  وافر مقدار میں  اس ویکسین کو حاصل کرنے میں ابھی کچھ دن یا مہینوں لگیں گے۔ لہٰذا سب کو کورونا سے تحفظ کے قواعد کی پابندی کرنی چاہئے۔
 وزیر اعلیٰ نے میونسپل کمشنر  اقبال چاہل کو ’ممبئی کا محافظ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹاسک فورس کے ڈاکٹر جوشی ، ڈاکٹر راہل پنڈت ، محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پردیپ ویاس صحت کے نظام کے ستون ہیں۔
دعا ہے کہ کووڈ سینٹر ، خالی ہی رہے
  ٹیکہ کاری مہم کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ  نے کہاکہ ’’ اس میں کوئی ۲؍ رائے نہیں کہ آج  کا دن  انقلابی دن ہے۔ آج بھی   جب اُس دن کو یاد کرو جب ممبئی اور ریاست  اور پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں تھی تو جسم کے رونگٹے کھڑے ہو جاتےہیں۔ ان دنوں اسپتال کورونا کے مریض بھرے ہوئے تھے۔ دن اور رات تناؤرہتا تھا ، ان تناؤ کے دنوں میں ہم نے جنگی پیمانے پر ۱۵؍ دنوں میں اس جمبو کووڈ سینٹر کو قائم کیا۔اسی طرح ریاست کے دیگر علاقوں او راضلاع میںبھی کووڈ سینٹر قائم کئے گئے  تھے۔ یہاں جون سے جولائی تک کورونا مریضوں کا ہجوم تھا۔  مجھے خوشی ہے کہ یہ کووڈ سینٹر خالی پڑے ہیں اورمیری دعا ہے کہ یہ اسی طرح خالی رہیں۔ اس موقع پر مہارشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کووڈ سے ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا  اورساتھ ہی ڈاکٹر ، نرس  اور دیگر اسٹاف کی بھی ستائش کی جنہوںنے اپنی جان کی پروا کئے بغیر کورونا کے مریضوں کی خدمت کی اور ا ن کا علاج کیا ۔اس میں کوئی شک نہیں ہے عوام نے بھی کورونا کو قابو میں کرنے کیلئے تعاون دیا ہے۔
ممبئی میں ایک کروڑ ۲؍ لاکھ ٹیکہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش
 اس موقع پر میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے دعویٰ کیا کہ ممبئی میں بیک وقت ایک کروڑ ۲؍ لاکھ ٹیکہ ذخیرہ کرنے کا نظم  اور گنجائش ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانجور مارگ اور پریل کے علاوہ ۶؍ دیگر مقامات پر بھی ٹیکے ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور ویکسینیشن کے لئے ۵۰۰؍ ٹیمیں ہیں اور یومیہ ۵۰؍ ہزار افراد کو ٹیکہ دیئے جا سکتے ہیں۔اس تقریب میں کمشنر، ایڈیشنل کمشنر سریش کاکانی ، بی کے سی کووڈ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیش ڈھیرے کوگلدستہ دے کر ان کا خیر مقدم بھی کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK