Inquilab Logo

متھرا اسٹیشن سے چوری کیا گیا بچہ بی جے پی لیڈر کے گھر سے برآمد

Updated: August 31, 2022, 10:52 AM IST | Lucknow

پولیس نے بچہ چوری کے گینگ کا پردہ فاش کیا، ۸؍ افراد گرفتار، بی جے پی لیڈ ر کی صفائی، اس نے ایک ڈاکٹر سے بچہ خریدا

The child recovered from the BJP leader`s house was handed over to his parents
بی جے پی لیڈر کے گھر سے برآمد بچے کو اس کے والدین کے حوالے کیاگیا

یوپی کے متھرا اسٹیشن پر سوئے ہوئے والدین کے پاس سے گزشتہ ہفتے چوری ہونے والا ایک ۷؍ ماہ کا بچہ۱۰۰؍ کلومیٹر دور فیروز آباد میں بی جے پی کے ایک کارپوریٹر کے گھر سے برآمد ہوا ہے۔ اس چوری کی وجہ سے اس علاقے میں کافی ہنگامہ تھا اور اب جبکہ یہ بی جے پی کے ایک لیڈر کے گھر سے برآمد ہوا ہے تو مقامی افراد کو سانپ سونگھ گیا ہے۔
 یہ جانکاری دیتے ہوئے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے بچوں کو چوری کرنے اور بیچنے کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔اس معاملے میں۸؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں وہ شخص بھی شامل ہے جو بچے کو پلیٹ فارم سے اٹھاتے ہوئے کیمرے میں قید ہوا تھا۔ معاملہ سامنے آنے پربی جے پی لیڈر ونیتا اگروال اور اس کے شوہر نے صفائی پیش کرتے ہوئےکہا کہ اس نے یہ بچہ۲؍ ڈاکٹروں سے۱ء۸۰؍ لاکھ روپوں میں خریدا تھا۔  پولیس کے مطابق اس جوڑے کو ایک بیٹا چاہئے تھا، اسلئے اس نے ڈاکٹروں سے بچہ خریدنے کی بات کہی تھی۔ اس جوڑے کے پاس  فی الحال ایک بیٹی ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر لوگ بی جے پی لیڈر سے سوال کررہے ہیں کہ اگر اس کے پاس بیٹا نہیں  ہے تو کیا  اس کے پاس کسی اور کا بچہ چوری کرنے کا جواز ہوگیا ہے؟ اور کیا وہ ڈاکٹر سے خریدنے کی اسے اجازت مل گئی ہے۔
 متھرا میں ریلوے پولیس کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس میں، پولیس افسران نے بچے کو اس کی ماں کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پولیس ۵۰۰؍ روپوں کے نوٹوں کے بنڈل بھی دکھائے جو پولیس نے گرفتار ڈاکٹروں سے برآمد کئے تھے۔ سینئر پولیس افسر محمد مشتاق نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے بچہ چوری گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ۸؍ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیپ کمار نامی اُس شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے،  جس نے اسٹیشن سے بچے کو چرایا تھا۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں پڑوسی ضلع ہاتھرس میں اسپتال چلانے والے ۲؍ ڈاکٹر، کچھ ہیلتھ ورکرز اور کچھ نام نہاد سماجی کارکنان بھی شامل ہیں۔
 خیال رہےکہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں ریلوے اسٹیشن پر اپنے والدین کے ساتھ سوئے ہوئے ایک چھوٹے سے بچے کو چراکر ایک چور کو بھاگتے ہوئے دیکھاگیا تھا۔  واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد جی آر پی پولیس نے معاملہ درج کیا تھا۔

mathura Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK