Inquilab Logo

افغانستان میں امریکیوں کو قتل کرنے کیلئے چین مالی اعانت کر رہا ہے

Updated: January 02, 2021, 1:20 PM IST | Agency | Washington

امریکہ کے ایک سینئر عہدیدار کا سنسنی خیز الزام۔ چین نے اس الزام کو من گھڑت اور احمقانہ قرار دیا

Afghanistan
افغانستان میں امریکی فوجی خطرے میں ہیں

ایک سینئر امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین نے افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کیلئے مسلح گروہوں کو پیسوں کی پیشکش کی تھی۔ سینئر امریکی  نے یہ بات امریکی چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ  کے اوائل میں صدر ٹرمپ کو چین کی جانب سے افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کیلئے غیر ریاستی عناصر کو مالی معاونت کی پیشکش سے متعلق غیر مصدقہ معلومات دی گئی تھیں، صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر روبرٹ اوبرائن نے ۱۷؍ دسمبر کو صدر ٹرمپ سے اس تعلق سےبات بھی کی تھی۔
 افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کے لئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی پیشکش سے متعلق خبر سب سے پہلے ایک امریکی ویب سائٹ نے نشر کی تھی جس کے مطابق امریکی حکام انٹیلی جنس رپورٹ کی مختلف ذرائع سے تصدیق کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔دوسری جانب ہفتہ وار بریفنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزامات کو من گھڑت، جھوٹ اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ جنگ کے بجائے امن کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے جبکہ چین نے افغانستان کے داخلی معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی بلکہ افغانستان میں امن عمل کی ستائش کی ہے۔ 
 واضح رہے کہ اس سے قبل جون میں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ روسی انٹیلی جنس آفیسر نے افغانستان میں امریکی اور برطانوی فوجیوں کے قتل کیلئے انتہاپسندوں کے گروپ کو انعام کے طور پر پیسوں کو پیشکش کی تھی۔ حالانکہ اس رپورٹ سے ڈونالڈ ٹرمپ نے انکار کیا تھا لیکن ایک امریکی اخبار نے نمایاں طور پر اس خبر کی توثیق کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK