Inquilab Logo

چین نے چنگدو میں امریکہ سے خالی کروایا گیا قونصل خانہ اپنی تحویل میں لیا

Updated: July 28, 2020, 10:16 AM IST | Agency | Beijing

امریکی اہلکاروں کےعمارت خالی کرتے ہی چینی حکام نے کنٹرول سنبھال لیا، امریکی وزارت خارجہ نے چینی اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا

Chengdu Consulate - Pic - PTI
چنگدو میں واقع امریکی قونصل خانہ ( تصویر: ایجنسی

امریکہ نے چین کے جنوب مغربی شہر چینگدو میں موجود اپنا قونصل خانہ خالی کر دیا ہے جس کے بعد چینی  حکام نے اس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔چین کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے سفارت کاروں نے پیر کی صبح ۱۰؍ بجے قونصل خانے کو خالی کر دیا تھا جس کے بعد متعلقہ حکام نے وہاں پہنچ کر عمارت کا انتظام سنبھال لیا ہے۔چین کے سرکاری ٹی وی `سی سی ٹی وی کے مطابق چینگدو قونصل خانے سے صبح ۶؍ بج کر ۱۸؍منٹ پر امریکہ کا پرچم اتارا گیا تھا۔ اس سے قبل پولیس نے قونصل خانے کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر کے وہاں آمد و رفت منقطع کر دی تھی۔
 گزشتہ ہفتے امریکہ نے چین پر سائبر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے بیجنگ کو ہیوسٹن میں واقع اپنا قونصل خانہ تین روز میں خالی کرنے کا حکم دیا تھا جس کے جواب میں چین نے چینگدو میں موجود امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔  دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، قومی سلامتی، انسانی حقوق، تائیوان اور ہانگ کانگ کے معاملے پر تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ ایک دوسرے کے  قونصل خانے خالی کروانے کے اقدامات کے بعد امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کو شدید جھٹکا لگا ہے۔امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے چینگدو میں قونصل خانہ بند کروانے کے چینی  اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
 امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چینگدو قونصل خانہ تبت سمیت چین کے مغربی علاقوں میں آباد شہریوں سے تعلقات کا ذریعہ تھا۔ امریکہ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اس فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ چین میں موجود اپنے دیگر مشن کے ذریعے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش جاری رکھے گا۔ امریکہ کے بیجنگ میں سفارت خانے کے علاوہ چین کے دیگر چار شہروں شنگھائی، شنیانگ، ووہان اور چونگزو میں قونصل خانے کام کر رہے ہیں۔ امریکہ کا چین کے غیر مختار علاقے ہانگ کانگ میں بھی ایک قونصل خانہ ہے۔​
 دوسری جانب ہیوسٹن میں قونصل خانہ بند ہونے کے باوجود چین کے امریکہ کے شہروں سان فرانسسکو، لاس اینجلس، شکاگو اور نیویارک میں قونصل خانے بدستور کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK