Inquilab Logo

چین پاکستان کو ویکسین کی ایک کھیپ مفت فراہم کرے گا

Updated: January 24, 2021, 1:45 PM IST | Agency | Beijing

چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین کا ایک بیچ مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک طویل عرصے سے وبا پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور اقدام پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین کا ایک بیچ مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ  دونوں ممالک طویل عرصے سے وبا پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور اقدام پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے۔اطلاع کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چین ینگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ چینی حکومت نے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کیلئےکورونا ویکسین کی ایک کھیپ بطور تحفہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہوا چین ینگ کا کہنا تھا کہ’’ پاکستان کو کورونا ویکسین برآمد کرنے کیلئے  تیز رفتار منصوبہ تیار کر رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ویکسین کی کتنی مقدار بھیجی جائے گی اور وہ ویکسین کون سی ہوگی۔گزشتہ روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اس تعلق سے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ چین نے ۳۱؍ جنوری تک پاکستان کو کورونا ویکسین کی ۵؍لاکھ خوراکیں بطور تحفہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔  انہوںنے امکان ظاہر کیا تھا کہ یہ کورونا ویکسین چینی کمپنی سائنو فارم کی ہوگی۔ گزشتہ ماہ ڈرگ ریگولیٹری اتھا ریٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بھی سائنو فارم کی ویکسین کوہی ملک میںاستعمال کی منظور  دی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ برس کے اختتام پر پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کی زیر صدارت ویکسین کی خریداری کیلئے خصوصی کابینہ کمیٹی نے سائنوفارم سے ویکسین کی ۱ء۱؍  ملین خوراک خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان میں چائنا نیشنل بائیوٹیک گروپ (سی این بی جی) اور سینوواک بایوٹیک لیمیٹیڈ کی تیار کردہ ویکسین کے آخری مرحلے کے ٹرائل اب بھی پاکستان میں جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK