Inquilab Logo

دہلی کے جعفرآباد علاقہ میں کشیدگی ، پتھراؤ ۔ پولیس نے آنسوگیس کے گولے داغے

Updated: February 23, 2020, 7:25 PM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے جعفرآباد علاقے میں سی اے اے کی مخالفت اور حمایت کرنے والے آمنے سامنے آگئے جس سے حالات کشیدہ ہوگئے۔۔ اس دوران دونوں جانب سے پتھراؤ بھی ہوئے

جعفرآباد میں پولیس حالات پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
جعفرآباد میں پولیس حالات پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی: سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نہ صرف دہلی  بلکہ ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ دہلی میں آج صورت حال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے قریب سی اے اے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے سامنے ، سی اے اے کی حمایت کرنے والو ں کا ایک گروپ نعرے بازی کرنے لگا۔  اس دوران دونوں جانب سے پتھراؤ بھی ہوئے اور   کافی دیر تک ہنگامہ برپا رہا۔  اس کی وجہ سے ماحول میں افراتفری مچی رہی ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر کچھ میٹرو اسٹیشن بند کردیئے گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق سگنیچر برج بند کردیا گیا ہے۔ اس سے جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور بہت سی گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ پتھراؤ کی وجہ سے وزیر آباد مین روڈ ، یمنا وہار روڈ ، بابر پور سو فٹ روڈ اور موج پور  مین  روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت کے نتیجے میں جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ دہلی میٹرو کے دو اسٹیشن جعفرآباد اور موج  پور بند کردیئے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  پولیس نے حالات کو قابو میں کرنے کے لئے  لوگوں کو سمجھانے کی بھی کوشش کی ، تاہم بعد میں حالات خراب ہوتا دیکھ کر آنسو گیس کے گولے چھوڑے ۔ بی جے پی لیڈر کپل مشرا  نے سی اے اے کی حمایت میں موج پور ٹریفک سگنل کے قریب ریلی کا اعلان کیا تھا  چنانچہ سی اے اے حامی افراد وہاں جمع ہوگئے تھے۔ 
 سنیچر کی شام تقریباً ۵۰۰؍ خواتین کا ایک گروپ جعفرآباد میٹرواسٹیشن کے نیچے سی اے اے کی مخالفت میں دھرنے پر بیٹھا ہے۔ خواتین کا مطالبہ ہے کہ جب تک حکومت شہریت ترمیمی قانون کو واپس نہیں لیتی وہ وہاں سے نہیں ہٹیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK