Inquilab Logo

جلگاؤں میں یوٹیوب چینلوں پراسلام اورحضورؐ کی شان میں گستاخی کیخلاف شکایت درج

Updated: November 04, 2020, 8:48 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

وفد کی مسلمانوں سے اشتعال میں نہ آنے کی اپیل، شرانگیزوں کیخلاف جگہ جگہ شکایت درج کرانے کا مطالبہ، خاطیوں پر کارروائی کی پولیس کی یقین دہانی

Jalgaon
شکایت درج کروانے کے بعد وفد کے اراکین

گزشتہ کچھ دنوں سے فرانس میں   حضور اکرمؐ کی شان میںگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں اضطرابی کیفیت پائی جارہی  ہے۔ اسی درمیان دوسری جگہوں پر بھی اسلام مخالف طاقتیں سرگرم ہوگئی ہیں۔ کچھ اسی طرح کا معاملہ یہاں جلگاؤں میں دیکھنے میں آیا ۔ یہاں پر ’سیکولر ڈاگی‘ اور اس سے منسلک دیگر ۷؍ یوٹیوب چینلوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز پوسٹ کرکے فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کی کوشش کی۔ان چینلوں کے خلاف سرکردہ مقامی شخصیات نے معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔   
 ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں سیکولر ڈاگی، سیکولر ڈاگ گیمنگ، ہنبل ہندو،لبرل ڈاگ،دوگیش نیچّا،دی راشٹر وادی اوردی ہندو گائے نامی ان چینلوں پر اسلام،رسول پاکؐ اور مسلمانوں سےمتعلق انتہائی دل آزار پروگرام دکھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے جلگاؤں سمیت ریاست بھر کے مسلمانوں میں انتہائی بے چینی پھیل رہی ہے۔حالانکہ قانون کی رو سے کسی کو بھی کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی باتوں اور تصاویر دکھانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے باوجود بھی ان چینلوں پر لاکھوں لوگ اسے دیکھ رہے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق۳؍ نومبر تک اس طرح کے نفرت انگیز ۲۳؍پروگرام دکھائے جا چکے ہیں ۔
 اس تعلق سے جلگاؤں کے چند ذمہ داران نے ایک شکایت تیار کرکے جلگاؤں کے ضلع ایس پی ڈاکٹر پروین منڈے کو سونپی ہے۔ اس وفد نےمذکورہ خاطی چینلوں کے مالکان اور ان کے معاونین کے خلاف فوجداری قانون کے مختلف دفعات کےتحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس وفد میں عبد الکریم سالار،مفتی ہارون ندوی،جمیل شیخ،اسامہ عبدالستار ،راحیل کھاٹک اورعبدالرشید خان جیسی اہم شخصیات شامل تھیں۔ضلع ایس پی منڈے نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کی باریکی سے جانچ کریں گے اور خاطی پائے جانے والے افرادکے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
 میمورنڈم سونپنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالکریم سالار نے کہا کہ’’ اس کارستانی کے پیچھے فرقہ پرست طاقتوں کی چھپی سازش سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ یہ طاقتیں مسلمانوں بالخصوص مسلم نوجوانوں کو مشتعل کرکے انہیں سڑکوں پر اُترنے کیلئے آمادہ کرتی ہیں۔‘‘  اس موقع پرانہوں نے ریاست اور ملک کے تمام ذمہ داران سے اپیل کی کہ سازشی ذہنوں کے مقاصد کو سمجھیں اور خبر دار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سڑکوں پر اُترنے کے بجائے پُر امن طریقے سے قانونی راہ اختیار کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ان چینلوں کے ذمہ داران کے خلاف فوجداری کا معاملہ درج کروائیں۔ 
  عبدالکریم سالار نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم، مرکزی وزیر داخلہ،  مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ، ریاستی وزیر داخلہ، وزیر برائے اقلیتی امور، نائب وزیر اعلیٰ،ضلع کلکٹراور دیگر ذمہ داران کو اس شکایت کی نقلیں بذریعہ رجسٹرڈ پوسٹ روانہ کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلگاؤں میں درج کروائی گئی شکایت کی کاپی تیار کرنے میں ایڈوکیٹ شریف پٹیل کا تعاون حاصل رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK