Inquilab Logo

ممبئی کی تاریخی جامع مسجد کے وسیع وعریض حوض کی ۲۲؍برس بعد مکمل صفائی

Updated: June 09, 2021, 8:41 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

؍۲۳۰ سالہ اس قدیم مسجد کی بنیادیں حوض پرقائم ہیں اورقدرتی طورپردیواروں اورفرش سے میٹھے پانی کےمتعدد چشمے جاری ہیں

Staff are seen cleaning the pool of the historic Jama Masjid in Arus al-Balad.Picture:Inquilab
عروس البلاد کی تاریخی جامع مسجدکے حوض کی صفائی میں عملہ مصروف نظر آرہا ہے ۔ تصویر انقلاب

ممبئی کی تاریخی جامع مسجد کے وسیع و عریض حوض کی ۲۲؍برس بعد اس طرح مکمل صفائی کی جارہی ہے کہ حوض کا پوراپانی نکال دیا گیا ہے ، اب مٹی وغیرہ صاف کی جارہی ہے۔ اس کام کے لئے  ۳؍بڑے واٹر پمپ لگائے گئے  ہیںاور۲۵؍سے زائدعملہ آرکیٹکٹ اورانجینئرکی نگرانی میں اس کام پرمامور ہے ۔ ۲۳۰؍ سالہ اس قدیم اورتاریخی مسجد کی بنیادیں ۱۶۰؍ فٹ لمبے اور ۷۰؍ تا ۸۰؍ فٹ چوڑے حوض پرقائم ہیں اورقدرتی طورپرحوض کی دیواروں اور فرش سے میٹھے پانی کے متعدد چشمے جاری ہیں۔ان چشموں میںسے کسی میںکم توکسی سے کافی مقدار میںاس قدر پانی نکل رہا ہے کہ صفائی کے بعد پھر پانی جمع ہوجاتا ہے ۔اس کے باوجود دیواریں مکمل طور پرمحفوظ ہیں۔عملہ اسے دیکھ کر حیران ہے ۔۵؍دن سے پانی کی نکاسی کی گئی اب مٹی صاف کی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ حوض میںموجود مختلف اقسام کی مچھلیوں کو بحفاظت بڑے بڑے ٹینک میںرکھا گیا ہے، صفائی کاکام مکمل ہوجانے کے بعد انہیں دوبارہ حوض میںڈال دیا جائے گا۔
 جامع مسجد کے اس حوض میںاندرسے اوپرتک ۱۸؍سیڑھیاں بنائی گئی ہیں اوران سیڑھیوں میں سے ۸؍سیڑھی تک ہمیشہ پانی رہتا ہے ۔حوض کی گہرائی ۱۲؍ تا ۱۴؍فٹ ہے۔ بہت سے مصلیان اس میںداخل ہوکر وضو کرتے ہیں ۔
 پانی کو اب ہمیشہ صاف شفاف رکھنے کےلئے آکسیجن مشین کی تنصیب کافیصلہ کیاگیا ہے تاکہ پانی کی ہیئت یا رنگ وغیرہ تبدیل نہ ہو اورازخودصاف ہوتا رہے۔ تقریباً ۱۷؍سال پہلے حوض کی صفائی کی گئی تھی لیکن اس وقت حوض کاپوراپانی خالی نہیں کیا گیا تھابلکہ پانی کو صاف کیا گیا تھا لیکن اس وقت چونکہ لاک ڈاؤن ہے اورمسجد میں محض عملہ ہی نماز اداکررہا ہے اورپانی کی ہیئت بھی بدل گئی تھی اس لئے اس موقع کوغنیمت جانتے ہوئے اس کام کا آغازکیا گیا اورامید ہے کہ جب چند دن میںکووڈ کے حالات میںمزیدبہتری کے بعد مساجد میںپہلے کی طرح مصلیان نمازاداکریں گے تو اس صاف صفائی کاوہ مشاہدہ کرسکیں گے۔ 
 نمائندۂ انقلاب کے استفسارکرنے پر ان تفصیلات سے جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب نے آگاہ کروایا ۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال ہی اس کام کےلئے ترتیب بنائی گئی تھی لیکن چونکہ اس کام کےلئے مختلف ماہرین کی خدمات درکار تھیں اورسب کی موجودگی ضروری تھی جو گزشتہ سال کسی سبب ممکن نہ ہوسکی ،اس دفعہ ترتیب بن گئی اورنہ صرف کام کا آغازکردیا گیا بلکہ آدھے سے زیادہ کام مکمل بھی کرلیاگیا ہے۔صاف صفائی کے دوران مسجد کی دیواریں ، طرزتعمیر، پختگی اورمضبوطی دیکھ کرخوش گوار حیرت ہوئی کہ ۲۳۰؍سال سے پانی پرکھڑے رہنے کے باوجود اللہ کے مقدس گھر کی دیواروں کو نقصان نہیںپہنچا ہے اورانجینئروں کے مطابق بحمداللہ مسجد کی دیواریں پوری طرح سے محفوظ اورمضبوط ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK