Inquilab Logo

شہرومضافات میں کووِڈ-۱۹؍ کے مریضوں کے پائے جانے سے تشویش

Updated: April 01, 2020, 10:31 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

شہرومضافات میں کوروناوائرس سے متاثر افراد کے پائے جانے سے تشویش پائی جارہی ہے۔ جنوبی ممبئی کے اسپتالوں کی ۳؍ نرسیں اور ۲؍ مریض جبکہ دہیسر میں ۲ ؍ افراد متاثر پائے گئے ہیں

Nizam Street Mumbai, Pic : Ashish Raje
نظام اسٹریٹ ممبئی ۔ تصویر : آشیش راجے

شہرومضافات میں کوروناوائرس سے متاثر افراد کے پائے جانے سے تشویش پائی جارہی ہے۔ جنوبی ممبئی کے اسپتالوں کی ۳؍ نرسیں اور ۲؍ مریض جبکہ دہیسر میں ۲ ؍ افراد متاثر پائے گئے ہیں۔ اسی طرح سائن کی جین سوسائٹی میں کورونا متاثر پائے جانے سے  اسے سیٖل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ  ورلی کولی واڑہ میں ۴؍ مشتبہ مریضوں کے پائے جانے کے بعد اس علاقے کو سیل کر دیا گیا ۔ اس سے قبل کرلا کی بدھ کالونی  اور میراروڈ کی عمارتوں کو بھی سیٖل کیا جاچکا ہے ۔
 سائن میں واقع منوہر نواس جین سوسائٹی میں منگل کو اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب اس میں رہائش پذیر ایک شخص کو کوورونا کا مریض قرار دیتے ہوئے پوری سوسائٹی کو سیٖل کر دیا گیا۔ یہی نہیں بی ایم سی اور فائر بریگیڈ عملہ نے وہاں جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کیا ۔ اب سرکاری ڈاکٹروںکی ایک ٹیم بلڈنگ کے تمام مکینوں کی طبی جانچ کررہی ہے ۔
 دریں اثناء دہیسرایک ہی گھر میں کورونا وائرس کے ۲؍ مریض پائے گئے ہیں۔ انھیں علاج کیلئے ۲؍ الگ الگ اسپتالوں میں  داخل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس وجہ سے پورے  علاقے کو ۱۴؍ دن کیلئے سیٖل کردیا ہے اور علاقے کے تمام مکینوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔  علاقے میں کورونا وائر س کے مریض پائے جانے کی خبر سے  پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے ۔ 
 بی ایم سی ذرائع کے مطابق دہیسر مشرق کے امباواڑی کے والمیکی نگر میں  ایک مکان میں رہنے والا شخص اور اس کی بیٹی کی بہو کورونا وائرس سے متاثرپائی گئی ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی آر  نارتھ بی ایم سی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سندھیا نندگاؤکر نے بتایا کہ کورونا وائرس کے ایک مریض کو کستوربا اسپتال میں جبکہ دوسرے کو راجاواڑی اسپتال کے قریب ایک خصوصی وارڈ میں علاج کیلئے بھیجا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی اطلاع ملتے ہی بی ایم سی کے متعلقہ افسران پولیس اہلکاروں کے ساتھ وہاں پہنچ گئے اور انھوں نے کورونا کے مریض کے رہائشی علاقے کے چاروں جانب تقریباً ایک کلومیٹر دور تک کا علاقہ سیٖل کردیا  ہے ۔ اس علاقے میں ۲؍  بیٹھی چالوں  کے علاوہ کئی بلڈنگیں شامل ہیں۔ 
 اسی طرح نظام اسٹریٹ میں بھی کورونا وائرس کے مریض  کے پائے جانے کے بعد اسے سیٖل کردیاگیا ہے اور  پولیس نے اس علاقے میں آنے جانے والوں کو روک دیا ہے۔ وہاں پولیس اہلکارتعینات  کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK