Inquilab Logo

آسٹریلیا:خالصتانی تحریک اور ہندوستان کے حامیوں میں تصادم

Updated: January 31, 2023, 11:32 AM IST | Melbourne

علاحدہ خالصتان کیلئے ریفرنڈم پر ہنگامہ، تلواریں لہرائی گئیں، غیر ملکی، ہندوستانیوں کو لڑتے ہوئے دیکھتے رہے

A scene of confrontation.
تصادم کا ایک منظر۔

 اتوار کو آسٹریلیامیں خالصتانی تحریک اور ہندوستان کے حامیوں میں  تصادم ہوا ۔ اس  دوران توڑ پھوڑ کی گئی۔ ہنگامہ کیا گیا ۔ تلواریں تک لہرائی گئیں۔یہ سب علاحدہ خالصتان کیلئے ریفرنڈم کے دوران ہوا ۔آسٹریلیا میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے اس کی مذمت کی ہے۔    میڈیارپورٹس کے مطابق  سکھ فار جسٹس کے ایک عہدیدار  نے بتایا کہ۱۸؍ برس سے زائد عمر کے تقریباً۶۰؍ ہزار افراد نے خالصتان کے حق میں ریفرنڈم میں ووٹ ڈالے جبکہ وقت ختم ہو جانے کی وجہ سے تقریباً ۱۵؍  ہزار افراد ووٹ ڈالنے سے محروم رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ وقت ختم ہونے سے تقریباً ۱۰؍ منٹ قبل تو ووٹ دینے کیلئے بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔ اسی دوران فیڈریشن اسکوائر کا ماحول بدل گیا اور خالصتان حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جب  ہند نژاد افراد ایک دوسرے کو لاٹھیوں سے پیٹ رہے تھے تو وہاں موجود غیر ملکی  حیرت سے انہیں دیکھ رہے تھے۔کچھ افراد کے ہاتھوں میں تلواریں بھی دیکھی گئیں۔ پرتشدد جھڑپوں کے بعد پولیس نے چند افراد کو حراست میں  لیا۔
  ادھر آسٹریلیا میں ہندو اور سکھ کمیونٹی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے  ہندوستانی کمیونٹی خاصی فکرمند ہے۔ سڈنی میں رہنے والے بلجندر سنگھ کہتے ہیں، ’’ہم سب لوگ یہاں مل جل کر امن سکون کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ  ہندوستان کے داخلی مسائل کی وجہ سے یہاں کشیدگی پیدا ہو۔ ان مسائل کا حل امریکہ ، کناڈا یا آسٹریلیا میں نہیں بلکہ ہندوستان ہی  میں  ملے گا۔‘‘آسٹریلیا میں  ہندوستانی ہائی کمیشن نے بھی ان واقعات کی مذمت کی ہے اور آسٹریلوی حکومت سے درخواست کی کہ وہ اپنی سرزمین کو  ہندوستان مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔ پیر کو ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ، ’’ایک ممنوعہ تنظیم سکھ فار جسٹس کے ذریعہ منعقدہ مبینہ ریفرنڈم پر ہم فکرمند ہیں۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ آسٹریلیائی حکومت  ہند نژاد افراد اور ان کی املاک کی حفاظت کرے اور اپنی سرزمین کو  ہندوستان کی خود مختاری اور سالمیت کیخلاف ہونے والی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔‘‘

Australian Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK