Inquilab Logo

وجے دِوس پر اندرا گاندھی کو نظر انداز کرنے پرکانگریس برہم

Updated: December 17, 2021, 12:39 PM IST | Agency | Dehradun

راہل گاندھی کا اتراکھنڈ میں ریلی سے خطاب ، مودی سرکار کو کھری کھری سنائی ، کہا کہ ’’ میری دادی نے ملک کیلئے ۳۲؍ گولیاں کھائیں لیکن ان کی قربانی کو نظر انداز کیا جارہا ہے ‘‘

Rahul Gandhi addressing Vijay Saman Rally at Dehradun.Picture:INN
دہرہ دون میں راہل گاندھی پارٹی کی وجے سمّان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے۔تصویر: پی ٹی آئی

 کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی جمعرات کو اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون پہنچے۔یہاں ریلی میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زبردست حملہ کیا اور ساتھ ہی اتراکھنڈ اور اپنے خاندان کے درمیان قربانی کا رشتہ بھی جوڑا۔کانگریس کے سابق قومی صدر نے یہاں پریڈ گرا ئونڈ  پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔  راہل گاندھی نے آنجہانی چیف آف ڈیفنس (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور انہوں نے سابق فوجیوں کو یادگاری نشانات سے نوازا۔۱۹۷۱ء میں ہندوستان کے ذریعہ پاکستانی فوج کو بےدخل کرنے اور بنگلہ دیش کے قیام میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی کارگردگی پر مبنی ایک دستاویزی فلم کی نمائش راہل گاندھی کے سامنے پیش کی گئی۔ اس دوران انہوں نے  اپنی یادیں شیئر کیں اور کہا کہ جب میں چھوٹا تھا تو دون اسکول، دہرادون میں پڑھتا تھا۔ میں یہاں دو تین سال آپ کے ساتھ رہا۔ اس وقت آپ نے مجھے بہت پیار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاید میرے خاندان اور اتراکھنڈ کا گہرا رشتہ ہے۔ مجھے وہ دن یاد آیا جب۳۱؍ اکتوبر کو میری دادی  اس ملک کے لیے شہید ہوئی تھیں۔ پھر مجھے ۲۱؍مئی کا دن یاد آیا، جس دن میرے والد اس ملک کے لیے شہید ہوئے تھے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ میرا اور قربانی کا رشتہ ہے۔ وہ قربانی جو اتراکھنڈ کے ہزاروں خاندانوں نے دی ہے وہی قربانی میرے خاندان نے بھی دی ہے۔ جو لوگ اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں وہ اس رشتے کو اچھی طرح سمجھیں گے۔ جو لوگ فوج میں ہیں وہ اس بات کو گہرائی سے سمجھیں گے۔کانگریس لیڈر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دہلی میں ’وجے دیوس‘ پروگرام میں اندرا گاندھی کا نام تک نہیں ہے  جنہوں نے  ملک کے لیے ۳۲؍گولیاں کھائیں لیکن اس وقت مرکزی حکومت کیا کرر ہی ہے وہ ہر کوئی دیکھ رہا ہے۔ 
 راہل گاندھی  نے کہا کہ مودی حکومت سچائی سے ڈرتی ہے۔ آپ کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ آپ کے لوگ نقل مکانی کرتے ہیں۔ دوسرا مسئلہ مہنگائی کا ہے۔ یہ کیوں ہے؟ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں۔ ہندوستان میں ٹیکس کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔نریندر مودی نے آپ سے ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے چھین کر کروڑ پتیوں کا قرض معاف کر دیا۔ آپ کی جیب سے جو پیسہ نکل رہا ہے وہ ملک کے چند ارب پتیوں کی جیبوں میں جا رہا ہے کیونکہ وہ مودی کی مارکیٹنگ کرتے ہیں۔کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ آج ملک کو تقسیم کیا جا رہا ہے، کمزور کیا جا رہا ہے۔ ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے لڑایاجا رہا ہے۔ پوری حکومت دو تین سرمایہ داروں کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ کسانوں کے خلاف سیاہ  قانون انہیں ختم کرنے کے لیے بنائے گئے تھے، ان کی مدد کے لیے نہیں اس لئے کسان سڑک پر آیا اورخوفزدہ نہیں ہوا اور پیچھے بھی نہیں ہٹا۔ ایک سال بعد وزیراعظم ہاتھ جوڑ کر کہتے نظر آئے کہ غلطی ہوگئی، معافی مانگتا ہوں۔ راہل کے مطابق تقریباً ۷۰۰؍کسان شہید ہوئے، بی جے پی لیڈر ایوان میں کہتے ہیں کہ کسی کی موت نہیں ہوئی۔ پنجاب حکومت نے۴۰۰؍ کسانوں کو معاوضہ دیا، لیکن مرکزی حکومت نے نہیں دیا۔
  راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور معیشت کی خستہ حالی کا بھی ذکر کیااو کہا کہ نوٹ بندی کے بعد غلط جی ایس ٹی، اس کے بعد کورونا کے وقت ہندوستان کے سب سے بڑے صنعت کار کا ٹیکس معاف کر دیا گیا، لیکن مزدوروں کو بس یا ٹرین کا ٹکٹ نہیں دیا۔ خواہ وہ نوٹ بندی ہو یا جی ایس ٹی یا کورونا میں حکومت کی کارروائی، یہ تینوں کام ہندوستان کے کسانوں اور چھوٹے تاجروں پر چند بڑے سرمایہ داروں کے حملے ہیں۔ اس   جلسہ عام سے سابق اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت، اپوزیشن لیڈر پریتم سنگھ سمیت مختلف لیڈروں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK