Inquilab Logo

مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں پر کانگریس حملہ آور

Updated: October 17, 2021, 8:27 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | new Delhi

خارجہ پالیسی سے لے کر کسانوں کی تحریک تک کانگریس پارٹی کی مجلس عاملہ نے ہر موضوع پر مودی حکومت کو ناکام قرار دیا ، نئے صدر کا انتخاب اگلے سال اگست میں

Rahul Gandhi, Sonia Gandhi, AK Antony, Ambika Soni and Ghulam Nabi Azad can be seen during the party`s working committee. (PTI)
پارٹی کی مجلس عاملہ کے دوران راہل گاندھی ، سونیا گاندھی ، اے کے انٹونی ، امبیکا سونی اور غلام نبی آزاد دیکھے جاسکتے ہیں۔(پی ٹی آئی )

کانگریس پارٹی  کے سب سے طاقتور اور پالیسی ساز یونٹ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس  سنیچر کو منعقد ہوا جس میں مجلس عاملہ نے  ملک کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک کو کئی طرح کے مسائل درپیش ہیں اور موجودہ مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ مرکز کی مودی حکومت نے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔ اس وقت ملک کے داخلی حالات ہی تشویشناک نہیں ہیں بلکہ  ملک کی خارجہ پالیسی بھی انتہائی ناقص ہے جس کی وجہ سے ہندوستان پوری دنیا میں الگ تھلگ پڑ گیا ہے۔ چین کے ساتھ تنازع پر خصوصی طور پر اس میٹنگ میں غور کیا گیا اور کہا گیا کہ  ہندوستان کےجوانوں کی شہادت کے۱۸؍ماہ بعد بھی چین ہندوستان کی زمین پر قبضہ کئے بیٹھا ہے۔ کئی دور کی بات چیت کے باوجود اس  نے ہندوستان کی زمین خالی نہیں کی ہے۔ اس معاملے میں حکومت کی بے عملی سے ہندوستان کی سرحدوں پر خطرہ بڑھ رہا ہے۔ مجلس عاملہ نے  پاکستان کی  جارحیت پر کہا کہ اس کی وجہ سے جمو ں کشمیر میں سلامتی کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سےخطاب کرتے ہوئے کے سی وینو گوپال نے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں منظور  ہوئی قرارداد کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس مرکزی حکومت کے خلاف عوامی بیداری مہم چلائے گی کیوں کہ وہ خارجہ پالیسی سے لے کر داخلہ پالیسیوں تک ہر معاملے میں ناکام ہوئی ہے۔ ملک کی معیشت کا بھی مودی حکومت نے بیڑہ غرق کردیا ہے۔ سماجی و سیاسی حالات بھی اس حکومت کی وجہ سے دگرگوں ہیں۔
  سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں شمال مشرقی ریاستوں کے حالات پر بھی تشویش کا اظہار ہوا اور کہا گیا کہ آسام، ناگالینڈ اور میزورم میں سلامتی کو خطرہ ہے جبکہ  ناگالینڈ امن معاہدہ کی ناکامی پر بھی سوال اٹھائے گئے۔ کہا گیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبہ کے خلاف ایف آئی آر کر رہا ہے۔منشیات کی بڑھتی اسمگلنگ پر بھی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ گجرات میں اڈانی بندرگاہ سے ۳؍ ہزار کلو کی ہیروئن کا ضبط کیا جانا اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ اس غیر قانونی کاروبار میں مودی حکومت کے دور میں  مزید اضافہ ہو رہا ہے۔  پارٹی مجلس عاملہ میں ملک کی خراب معیشت پر بھی اظہار خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ ہر شعبہ اس سے متاثر ہے۔  ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کیاگیا۔  
   اس دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی آئندہ سال تک عہدے پر  برقرار  رہیں گی ۔ کانگریس تنظیم کے الیکشن اگست یا  ستمبر۲۰۲۲ء میں کروائے جائیں گے ۔     آئندہ سال پارٹی کو کل وقتی صدر مل جائے گا جو پورے ۵؍ سال تک پارٹی کی قیادت کی ذمہ دار سنبھالے گا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK