Inquilab Logo

راجستھان میں گھمسان سے کانگریس پریشان، صلح کی کوشش تیز

Updated: November 26, 2022, 10:21 AM IST | Jaipur

جے رام رمیش نے ایسے حل کی امید ظاہر کی جس سے پارٹی مضبوط ہوگی،گہلوت کے بیان کو’غیرمتوقع‘ اور ’حیرت انگیز ‘بتایا، پائلٹ کا تحمل کا مظاہرہ ، بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی پر توجہ مرکوز رکھنے کا حوالہ دیامگر حامیوں کی بیان بازی جاری ، گہلوت کابینہ کے وزیر نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے۸۰؍ فیصد اراکین اسمبلی سچن پائلٹ کے ساتھ ہیں

In this photo from Wednesday, Sachin Pilot can be seen with Ashok Gehlot at the Rajasthan Congress Committee meeting. (PTI)
بدھ کی اس تصویر میں سچن پائلٹ کو راجستھان کانگریس کمیٹی کی میٹنگ میں  اشوک گہلوت کے ساتھ دیکھا جاسکتاہے۔ (پی ٹی آئی)

 ایسے وقت میں جبکہ کانگریس اپنی پوری توجہ گجرات اسمبلی الیکشن  اور بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی پر مرکوز رکھنا چاہتی ہے،  راجستھان میں اشوک گہلوت بنام سچن پائلٹ  جنگ نے پارٹی قیادت کو فکرمند کردیاہے۔  راجستھان میں سچن پائلٹ کو وزیاعلیٰ بنانے کیلئے ایک بار پھر آوازیں اٹھنے پر وزیراعلیٰ   اشوک گہلوت  جس طرح کی زبان استعمال کی اور  پائلٹ کو  ’’غدار‘‘ کہا اس پر پارٹی قیادت میں  ناراضگی ہے تاہم حالات کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے  پارٹی کے  میڈیا  انچارج جے رام رمیش نے مسئلے کو جلد حل کرلینے  اور ایسا حل نکالنے کی امید ظاہر کی ہے جس سے پارٹی مضبوط ہوگی۔
گہلوت کے بیان پر اعلیٰ کمان ناراض
 راجستھان میں سچن پائلٹ خیمہ کے دوبارہ سرگرم ہونے پر اشوک گہلوت نے جمعرات کو جس طرح براہ راست پائلٹ کو نشانہ بنایا اور ان کیلئے  ’’غدار‘‘جیسے لفظ کا استعمال کیا ،اس سے کانگریس میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گہلوت کے اس بیان پر پارٹی صدر ملکارجن کھرگے بھی  ناخوش ہیں۔ اس کااظہار جمعہ کو  جے رام رمیش نے بھی کیا۔
  این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں  نے کہا کہ ’’انٹرویو میں چند لفظوںکا استعمال غیر متوقع تھا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’بہت سے لوگ اس سے حیران رہ گئے۔ کانگریس لیڈر شپ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے تبادلہ خیال کرے گی۔‘‘ جے رام رمیش نے مزید کہا کہ ’’ہم ایک خاندان کی طرح ہیں۔ ہمیں  اشوک گہلوت جیسے تجربہ کار  اور سچن پائلٹ جیسے توانائی سے بھر پور نوجوان، دونوں کی ضرورت  ہے۔‘‘ کانگریس ترجمان نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ کانگریس کے لئے یہ دونوں لیڈر اہم ہیں مگر پارٹی سب سے اوپر ہے۔ ‘‘
پائلٹ  نے بردباری اور تحمل کا مظاہرہ کیا
  سچن پائلٹ نے اپنے خلاف اشوک گہلوت کے بیان  اور الزامات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے تحمل کامظاہرہ کیا۔ اشوک گہلوت جیسے کسی سخت لفظ کا استعمال کرنے سے گریز کرتے ہوئے کانگریس  کے سینئر لیڈر نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ’’اشوک گہلوت نے مجھے نااہل اورغدارکہتے ہوئے کئی الزامات لگائے۔ یہ تمام الزامات جھوٹے، غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت کانگریس  کو مضبوط کرنے کی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا میں  شرکت کیلئے مدھیہ پردیش پہنچنے پر میڈیا  کے ذریعہ پوچھے گئے سوالوں  کے جواب میں  سچن پائلٹ نے کہا کہ ’’ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو کس طرح کامیاب بنائیں کیوں کہ ملک کو ابھی اسی کی ضرورت ہے۔ ‘‘
آئندہ الیکشن میں فتح کیلئے کام کرنے کا عزم
  انہوں نے کہا کہ ’’ملک میں کانگریس ہی بی جےپی کو چلنج کرسکتی ہے۔ گجرات میں الیکشن  چل رہے ہیں جہاں اشوک گہلوت انچارج ہیں، ہمیں  بی جےپی کو شکست دینے کیلئے متحد رہنا ہوگا۔‘‘  انہوں  نے آئندہ سال راجستھان  کے اسمبلی انتخابات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ’’راجستھان میں  ہم نے اشوک گہلوت کی قیادت میں ۲؍ بار حکومت بنائی مگر پھرہم دونوں الیکشن ہارے بھی...اس کے بعد بھی ہائی کمان نے جب انہیں وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا تو ہم نے قبول کیا۔ اب ہماری توجہ اگلا الیکشن جیتنے پر ہونی چاہئے۔‘‘
سچن حامیوں کی بیان بازی
 سچن پائلٹ نے جہاں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا وہیں ان کے حامیوں کی جانب سے بیان بازی کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں گہلوت  کے اس بیان پر کہ سچن پائلٹ  کے ساتھ ۱۰؍ ایم ایل اے بھی نہیں ہیں اور وہ  راجستھان کے وزیراعلیٰ کبھی نہیں بن سکتے،  گہلوت کی کابینہ کے ہی  وزیر راجیندر سنگھ گڈا نے کہا کہ کانگریس کے ۸۰؍ فیصد ایم ایل اے سچن پائلٹ کے ساتھ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ’’اگر ۸۰؍ فیصد ایم ایل اے سچن پائلٹ  کے ساتھ نہ ہوں  تو ہم (وزارت اعلیٰ پر) اپنا دعویٰ واپس لے لیں گے۔‘‘انہوں نے اس کیلئے ایک میٹنگ طلب کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور پائلٹ کو وزیراعلیٰ  بنانے  کے مطالبے کی تائیدکی۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK