Inquilab Logo

آج کانگریس کا صدارتی الیکشن، تیاریاں مکمل

Updated: October 17, 2022, 10:30 AM IST | Inquilab Desk | New Delhi

ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور میں مقابلہ ، ۹؍ ہزار سے زائد مندوبین ووٹ ڈالیں گے،۱۹؍ اکتوبرکو گنتی ، راہل گاندھی بیلاری میں اور سونیا گاندھی دہلی میں ووٹ دیں گی

Party workers preparing a polling booth at the Delhi Congress office.Picture:PTI
پارٹی کارکنان دہلی کانگریس کے دفتر میں پولنگ بوتھ تیار کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس پارٹی نے اپنے نئے صدر کو منتخب کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔۱۷؍اکتوبر بروز پیر پارٹی کے صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوگی جس میں پارٹی کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور مد مقابل ہوں گے۔واضح رہے کہ تقریباً ۲۲؍برسوںمیں یہ پہلا موقع ہوگا کہ پارٹی صدر کے لئے مقابلہ میں گاندھی خاندان سے کوئی لیڈر  نہیں ہوگا۔گرچہ اس مقابلے میں ملکارجن کھرگے کو ششی تھرور پر واضح برتری نظر آرہی  ہےتاہم یہ مقابلہ دلچسپ ہوسکتا ہے کیونکہ ششی تھروراپنی مہم کے دوران لگاتار یہ وعدہ کرتے رہے ہیں کہ اگر وہ صدر منتخب ہوتے ہیں تو پارٹی میں بڑی تبدیلیاں لائیں  گے ۔انہوںنے اس کیلئے اپنا انتخابی منشور بھی جاری کیا ہے ۔خود ششی تھرور کا کہنا تھا کہ انتخاب کے نتائج لوگوں کیلئے حیران کن ثابت  ہوں گے۔
؍ ۹؍ ہزار سے زائد مندوبین ووٹ دیں گے
 کانگریس صدر کے انتخاب کیلئے پارٹی کے الیکٹورل کالج کے ۹؍ہزار سے زائد مندوبین ووٹ ڈالیں گے جن  کیلئے ملک بھر میں  ۶۵؍ پولنگ  بوتھ بنائے گئے ہیں۔کانگریس کے سینٹرل الیکشن اتھاریٹی چیئرمین مدھوسودن مستری نے کہا کہ تمام ریاستوں میں مندوبین صبح ۱۰؍بجے سے شام ۴؍ بجےکے درمیان اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر ’ٹک‘کے نشان کے ساتھ ووٹ ڈالیں گے۔ پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی اور کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ووٹ ڈالنے کی توقع ہےجبکہ راہل گاندھی اور ان کے ساتھ موجوددیگر ۴۰؍یاتری کرناٹک کے شہر بیلاری میں’ بھارت جوڑو یاترا‘ کیمپ میں بنائے گئے پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالیں  گے۔ انہوں نے اس تعلق سے واضح کردیا ہے کہ وہ  ووٹنگ کے لئے دہلی نہیں آئیں گے ۔ووٹوں کی گنتی ۱۹؍ اکتوبر کو ہو گیاور اسی دن نتائج کا اعلان بھی ہو گا۔
بیلٹ بکسوں کو دہلی لایا جائیگا 
 ووٹنگ کے بعد، مہر بندبیلٹ بکسوں کو دہلی لے جایا جائے گا اور اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس کے اسٹرانگ روم میں رکھا جائے گا۔ مدھوسودن مستری نے مزید کہا ہے کہ۱۹؍ اکتوبر کو گنتی شروع ہونے سے پہلے تمام بیلٹ پیپرس کو ملایا جائے گا تاکہ کسی کو معلوم نہ ہو کہ کس امیدوار کو کسی خاص ریاست سے کتنے ووٹ ملے۔خیال رہے کہ کانگریس میں زیادہ تر مواقع پر ایک امیدوار بلا مقابلہ جیت گیا  لیکن پارٹی کی طویل تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے جب  انتخابات کی ضرورت پڑرہی  ہے۔
اشوک گہلوت کی شکایت 
 دوسری طرف خبر ہے کہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی ملکا رجن کھرگے کے حق میں مہم کی ششی تھرور نے سینٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسودن مستری سے شکایت کی ہے جس کے بعد انہوںنے اس معاملہ کو دیکھنے اور اس کی جانچ کرانے کا اشارہ دیا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل گہلوت نے سوشل میڈیا پرکھرگےکیلئے اپیل کی تھی۔کانگریس سینٹرل  اتھاریٹی کے اصولوں کے مطابق قانون ساز پارٹی کے لیڈران کسی امیدوار کے حق میںمہم نہیں چلاسکتے ہیں۔ اتھاریٹی کی ہدایات کے تحت قانون ساز پارٹی کے لیڈروں سمیت قومی عہدیداروں پر انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK