Inquilab Logo

ارنب گوسوامی کے خلاف کانگریس کا زبردست احتجاج

Updated: January 23, 2021, 10:45 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Worli

ری پبلک ٹی وی کے دفتر کے قریب تک ریلی نکالی گئی۔بھائی جگتاپ نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا:کیا ارنب حکومت کا‌داماد ہے؟ ارنب کیخلاف ملک سے غداری کا‌مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

Congress Protest against Arnab Goswami - Pic : PTI
ارنب گوسوامی کیخلاف کانگریس کا احتجاج ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 بالاکوٹ ایئراسٹرائک کی خبر لیک ہونے کے معاملے میں ارنب گوسوامی کے خلاف احتجاج اور اس کی گرفتاری کا‌مطالبہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔اسی سلسلے میں جمعہ ۲۲؍جنوری کی صبح ممبئی کانگریس کی جانب سے ورلی جامبوری میدان سے ری پبلک ٹی وی کے دفتر کے قریب تک ممبئی کانگریس کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور پُر زور احتجاج کیا گیا۔پولیس نے مظاہرین کو ری پبلک ٹی وی کے دفتر سے پہلے ہی روک دیا ۔اس کے بعد یہیں کانگریس کے عہدیداران نے اظہار خیال کیا۔ کانگریسی کارکنان اور عہدیداران ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بڑے بینر لے کر نعرے بازی کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے ۔پلے کارڈ پر `ارنب پترکار نہیں دیش دروہی ہے ، پوچھتا ہے بھارت، ارنب‌ بی جے پی کا دلال اور دیش کا غدار ہے، غدار کو گرفتار کرو، اس کے خلاف دیش دروہ کا‌مقدمہ درج کرو، جیسے نعرے لکھے تھے اور مظاہرین خود بھی اسی طرح کے نعرے بلند کررہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ارنب کی تصویر بھی نذر آتش کی گئی۔
 اس دوران ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیا ارنب حکومت کا‌ داماد ہے ، اس نے ٹی آر پی بڑھانے کے لئے انتہائی خفیہ معلومات لیک کی اور اس طرح ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کرنے کے ساتھ دیش سے غداری کی۔اس کے خلاف دیش دروہ کا‌مقدمہ درج کیا جائے۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے یہ بھی کہا‌کہ فلم اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی چیٹ دنیا‌ کے سامنے لائی گئی تو آخر دیش دروہی کی چیٹ کیوں مخفی رکھی گئی، اسے عام کیوں نہیں کیا گیا۔ آخر کب گرفتار ہوگا دیش دروہی؟ بھائی جگتاپ نے پُرزور انداز میں یہ مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے دلال غدار ارنب کے خلاف مقدمہ دائر کرکے اسے گرفتار کیا جائے اور سختی سے پوچھ تاچھ کی جائے۔ارنب ایک دو دن‌ سے نہیں‌ بلکہ۶؍ برس سے یہی سب کچھ کررہا ہے۔
 چرن سنگھ سپرا نے دیش کے غداروں کو گولی مارو ،کا‌نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا سنگین معاملہ ہے کہ ارنب کی بلاتاخیر گرفتاری ضروری ہے کیونکہ یہ ملک کی سالمیت سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔اس موقع پر ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ، وزیر تعلیم ورشا گایکواڑ اور اشیش دوا‌نے بھی اظہار خیال کیا اور مودی حکومت کے خلاف سخت برہمی اور ارنب کی گرفتاری کامطالبہ دہرایا۔
 اس احتجاج میں بڑی تعداد میں کانگریس کے رضاکاروں کیساتھ کانگریس کے عہدیداران اور ایم ایل اے امین پٹیل، ذیشان صدیقی، محمد عارف نسیم خان، ضیاء الدین‌بابا صدیقی، چندر کانت ہنڈورے، مدھو چوہان، اشوک جادھو، سونل پٹیل،روی راجا، سندیش کونڈویلکر، ڈاکٹر اجنتا یادو، گنیش یادو ، سابق رکن پارلیمان ایکناتھ گایکواڑ  وغیرہ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK