Inquilab Logo

بڑھتی ہوئی مہنگائی کےخلاف سنیچر کولگاتار ۱۰؍ویں دن کانگریس کا احتجاج

Updated: July 18, 2021, 1:50 AM IST | saeed ahmed khan and Iqbal Ansari | Mumbai

ول، ڈیزل ، رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف سنیچر کو مسلسل ۱۰؍ویں دن بھی ممبئی کے متعدد علاقوںمیں کانگریس کی جانب سےاحتجاج کیا گیا۔

Congress protests in malwani.Picture:Inquilab
مالونی میں کانگریس کے احتجاج کامنظر تصویر انقلاب

پیٹرول، ڈیزل ، رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف سنیچر کو مسلسل ۱۰؍ویں دن بھی ممبئی کے متعدد علاقوںمیں کانگریس کی جانب سےاحتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے کہیں سائیکل ریلی نکالی تو کہیں مظاہرے کئے۔ سنچر کو دھاراوی، انٹاپ ہل، کرلا،اندھیری،ماہم، مالونی اور دیگر علاقوں میں  مظاہرے   کئے گئے ۔  
  واضح رہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ اور کارگزار صدر چرن سنگھ سپرا کی سرپرستی میں ۷؍ تا ۱۷؍ جولائی پورے ممبئی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
دھاراوی میں وزیر تعلیم اور کانگریس کے ممبئی صدر نے سائیکل ریلی نکالی
 دھاراوی  میں ۹۰؍ فٹ  روڈ پر ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ اور اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ کی سرپرستی میں پیٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کے خلاف سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔اس ریلی میں بڑی تعداد میں کانگریس کے ورکروں نے سائیکل چلا کر مودی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
’’یہ کانگریس کا نہیں عام آدمی  کا احتجاج ہے ‘‘
 کرلا ریلوے اسٹیشن  کے قریب سنسار ہوٹل کے نزیک کانگریس کے عہدیدار اور کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔مذکورہ مظاہرہ میں کانگریس کے نارتھ سینٹرل ضلع کے کارگزار صدر  ارشد اعظمی   نے کہا کہ ’’  جب کانگریس کے دور اقتدار میں خام تیل کی قیمت  فی بیرل ۱۱۰ سے زائد ڈالر تھی تب بھی کانگریس کی حکومت نے پیٹرول کی قیمت ۶۰؍ روپے سے زیادہ نہیں ہونے دی، اس کے باوجود اس وقت کے بی جے پی کے لیڈروں نے ملک بھر میں احتجاج کیا تھا اور آج  جب خام تیل کی قیمت کم ہو کر تقریباً ۷۲؍ ڈلر ہو گئی اس کے باوجود ہندوستان میں تیل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہے۔‘‘
  احتجاج میں شامل کارپوریٹر اشرف اعظمی نے بتایاکہ ’’ پیٹرول ،ڈیزل ، اورگھریلو گیس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی بڑھ گئی ہے جس سے عام آدمی شدید پریشان ہے ، لہٰذا یہ احتجاج کانگریس پارٹی کا ہی نہیں بلکہ عام آدمی کا احتجاج ہے اور جب تک یہ قیمتیں کم نہیں ہوں گی احتجاج جاری  رہے گا۔‘‘ اس احتجاج میں دھرمیندر گپتا۔سید ذاکر  اور دیگر عہدیدار اور ورکرز شریک  ہوئے۔
واہ رے مودی تیرا کھیل سستا خون مہنگا تیل:انٹاپ ہل میں بھی احتجاج
 انٹاپ ہل میں بھی کارپوریٹر مفتی سفیان نیاز احمد ونو کی سرپرستی میں نورا بازار میں احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرین نے بڑھتی مہنگائی پر مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ جن میں ’جو سرکار نکمی ہے وہ سرکار بدلنی ہے‘ ، ’کہاں گئے کہاں گئے اچھے دن کہاں گئے‘، ’واہ رے مودی تیرا کھیل سستا خون مہنگا تیل‘  جیسے نعرے لگائے۔
مہنگائی سے عام آدمی کا جینا‌ محال ،ما لونی گیٹ نمبر ایک پر کانگریس کے کارکنان نے نعرے بازی کی اور خواتین نے تھالیاں بجاکر احتجاج کیا
 مہنگائی ، بے روزگاری، پیٹرول ،ڈیزل، رسوئی گیس اور کھانے کے تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، کووڈ کے اس دور میں صفر کاروبار، ویکسین کی کمی اور کسان مخالف زرعی قوانین کے تعلق سے سنیچر کو کانگریس کی جانب سےمالونی گیٹ نمبر ایک فائربریگیڈ کے سامنے زبردست احتجاج کیا گیا۔
 اس احتجاج میں مقامی کارپوریٹرز قمرجہاں معین صدیقی، سلمی المیلکر، وریندرچودھری کے ساتھ دیگر عہدیداران سرور خان، ڈاکٹر نیٹکے، میرن نقوی  ، معین صدیقی اور کئی دیگر مقامی کارکنان پیش پیش تھے۔مظاہرین نے اہم مسائل پر مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ، خاتون کارکنان نے تھالیاں بجائیں اور بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
 مظاہرین بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر ان تمام مسائل کا احاطہ کیا گیا تھا اور بی جے پی کی مذمت کرنے کے ساتھ پلے کارڈ پر عوام کو متوجہ کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ’’ کیا آپ کو معلوم ہے کہ سب سے مہنگا پیٹرول ممبئی میں فروخت کیا جارہا ہے۔‘‘واضح ہوکہ ممبئی کانگریس نے۷؍جولائی سے محاذ کھول رکھا ہے اور بی جے پی حکومت کو گھیرنے اور عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK