Inquilab Logo

گجرات میں کانگریس۱۲۵؍ سیٹیں جیتے گی، گہلوت کا دعویٰ

Updated: November 23, 2022, 9:34 AM IST | surat

راجستھان کے وزیراعلیٰ اور گجرات میں کانگریس امور کے انچارج اشوک گہلوت پُر عزم، کہا: ریاست میں عوام کا مزاج بتارہا ہے کہ کانگریس اقتدار میں واپس آرہی ہے، بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہاں خیمہ زن ہوجانا بھی ثابت کرتا ہے کہ گجرات میں حکمراں جماعت کی حالت نازک ہے

Ashok Gehlot, Raghusharma and KC Venugopal with party workers in Surat (Photo: PTI)
سور ت میں پارٹی کارکنان کے ساتھ اشوک گہلوت ، رگھوشرما اور کے سی وینو گوپال (تصویر: پی ٹی آئی)

: گجرات کی انتخابی مہم میں راہل گاندھی کی شرکت کے بعد کانگریس کارکنان کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔ کارکنان کے انہیں حوصلوں کو دیکھتے ہوئے ریاست میں کانگریس امور کے انچارج اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے دعویٰ کیا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ۱۲۵؍ سیٹوں پر کامیابی ملے گی۔انہوں نے اس تعلق سےاپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں عوام کامزاج بتارہا ہے کہ کانگریس اقتدار میں واپس آرہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے   اشوک گہلوت نے بی جے پی پر طنز بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے یہاں خیمہ زن ہوجانےسےبھی کچھ نہیں ہونے والا ہے کیونکہ عوام نے اپنا ذہن بنا لیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ یہاں وزیراعظم نریندر مودی کی مسلسل ریلیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ گجرات میں بی جے پی کی حالت نازک ہے۔ انہوں نے کہا یہ کہ اُس وقت ہے جبکہ ریاست میں بی جےپی کی گزشتہ ۲۷؍ برسوں سے حکومت ہے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’ اترپردیش کا الیکشن بی جے پی جیت تو گئی تھی لیکن اس کے بعد ہی سے اسے گجرات کے کھودینے کا خوف ستا نے لگا تھا۔ یہی سبب ہے کہ  وزیراعظم نریندر مودی اوروزیرداخلہ امیت شاہ مسلسل گجرات کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب واضح ہے کہ انہیں گجرات میں اس مرتبہ صاف ہو جانے کا خوف ستا رہا ہے۔  انہوں نے سوال کیا کہ’’اگر وہ یہاں ہر ہفتے آتے ہیں تو اس کا مطلب کیا ہے؟یہ ان کی کمزور صورت حال کا واضح غماز ہے۔‘‘ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیرداخلہ کو مستقل طور پر یہیں خیمہ زن ہوجانا چاہئے۔
 خیال رہے کہ کانگریس کے رکن پارلیمان اور سابق صدر راہل گاندھی نے ۲۱؍ نومبر کو اپنی ’بھارت جورو یاترا‘ کو دو دنوں کیلئے موقوف کرکے گجرات کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نےپارٹی امیدواروں کیلئے ریاست میں سورت ضلع کے ’مہوا‘ اور راج کوٹ میں منعقدہ دو جلسوں سے خطاب کیا۔ گزشتہ ڈھائی ماہ میں راہل گاندھی کا گجرات کا یہ دوسرا دورہ  اور بطور انتخابی مہم یہ پہلا دورہ ہے۔ اس کے برعکس وزیراعظم مودی  نے اپنی پوری توجہ گجرات پر مرکوز کررکھی ہے۔ اس دوران بی جے پی نے ۱۵؍ دنوں میں وزیراعظم کی ۲۵؍ ریلیوں کا خاکہ تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی مختلف ریلیوں سے خطاب کر یں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK