Inquilab Logo

شوٹنگ کے اوقات میں راحت کیلئے پولیس سے رابطہ کریں

Updated: July 18, 2021, 1:31 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

آن لائن میٹنگ میں پروڈیوسرس گلڈ کے نمائندوں کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی ہدایت، کورونا کےتحفظ کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کیلئے کہا

Maharashtra Chief Minister uddhav Thackeray Picture:Inquilab
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے تصویر انقلاب

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے  سنیچر کو فلم سازوں کی سب سے بڑی تنظیم پروڈیوسر س گلڈ کے عہدیداروں  کے ساتھ آن لائن میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ میں شوٹنگ کے تعلق سے تلقین کی  کہ کووڈ سے تحفظ کے اصولوں کے ساتھ فلموں اور سیریلز کی شوٹنگ کی جانی چاہئے۔ سیریل اور فلموں کی شوٹنگ کے اوقات میں اضافہ کے تعلق سے  پولیس سے بھی رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔  وزیر اعلیٰ نے یہ انتباہ بھی دیا کہ شوٹنگ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شوٹنگ کرنے والے اداکاراور ملازمین کی وقتاً  فوقتاً جانچ کرتے رہنے اور کورونا سے تحفظ  کیلئے ۲؍ ٹیکے لگانے پر بھی زور دیا ۔
 اس میٹنگ میں ہندی فلمسازوںکی پروڈیوسر س گلڈ کے رتیش سدھوانی ، استوتی رام چندر ، مدھو بھوجوانی ، راکیش مہرہ اور نتن آہوجا نے شرکت کی۔ اسی طرح ، سبودھ بھاوے ، ناگراج منجولے ، روی جادھو نے بھی  اس میٹنگ میں اپنی  تجاویز پیش کیں۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اشیش کمار سنگھ اور    پرنسپل سیکریٹری وکاس کھارگے نے بھی شرکت کی۔
 پچھلے کچھ مہینوں سے ہندی اور مراٹھی فلموں کے پروڈیوسر اور سیریل کی شوٹنگ کو کورونا کے اصولوں کے مطابق  شام ۴؍ بجے بند کرنی پڑ رہی ہے اسی لئے  شام ۴؍ بجے کے بعد بھی شوٹنگ کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا  ۔
 ٹیکہ کاری اور کوروناکی جانچ لازمی
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ہم آپ پرسخت  پابندیاں عائد کرنا نہیں چاہتے لیکن مہاراشٹرا اور ملک میں کچھ دوسری ریاستوں میں اب بھی کورونا کی وباء پھیلی ہوئی ہے ۔ محفوظ بائیو ببل کا نظم کرنے کے باوجود کچھ کھیلوں کے مقابلوں اور تقریب کے دوران بھی لوگ انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہم  اب بھی کورونا کی دوسری لہرسے پوری طرح سے باہر نہیں آئےہیں لیکن لگتا ہے کہ تیسری لہر دنیا کے دوسرے ممالک میں واپس آرہی ہے ، لہٰذاہمیں تحفظ کے اصولوں کا پوری طرح خیال رکھنا ہوگا۔‘‘
 انہوںنے مزید کہا کہ ’’ ممبئی اور مہاراشٹرا کے فلم ساز وقتا فوقتاً شوٹنگ میں شرکت کرنے والوں کی کورونا جانچ کراتے رہیں ۔ اگر ٹیم میں کسی کو بخار یا کوئی علامت ہے تو فوراً نوٹس لیں اور   سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیکوں کے ۲؍ ڈوز ضرور لگوائیں۔‘‘
ممبئی پولیس کو ہدایت
 وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ہر فلم بندی کے شیڈول، مقام اور وقت کے بارے میں پروڈیوسروں سے معلومات حاصل کریں اور کسی افسر کو کوارڈی نیشن کی ذمہ داری دے اور  قواعد و ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے اس کی اجازت دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK