Inquilab Logo

کانگریس کو مسلسل جھٹکا، گجرات میں مزید۲؍اراکین اسمبلی مستعفی

Updated: June 05, 2020, 4:02 AM IST | Agency | Ahmedabad

اسمبلی میں اب ۶۶؍ کانگریسی اراکین رہ گئے ،ایوان بالا کی دوسری سیٹ جیتنا پارٹی کیلئے انتہائی مشکل

Ahmed Patel - Pic : INN
احمد پٹیل ۔ تصویر : آئی این این

 راجیہ سبھا الیکشن  سے پہلے کانگریس کو پے درپے جھٹکے لگ رہے ہیں۔گجرات کانگریس  کے۵؍  اراکین اسمبلی کے استعفیٰ کے بعدجمعرات کو مزید ۲؍ اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرجن اسمبلی حلقہ کے کانگریس اراکین اسمبلی اکشے پٹیل اور جیتو بھائی چودھری نے اپنی مرضی سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ گجرات اسمبلی کے اسپیکر راجندر چودھری نے بتایا کہ دونوں ہی اراکین اسمبلی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔اس طرح راجیہ سبھا کی دوسیٹوں میںسے ایک سیٹ جیتنے کی کانگریس کی امیدیںختم ہوتی ہوئی نظر آرہی  ہیں۔ اراکین اسمبلی کے استعفے نہ دینےسے کانگریس ایک سیٹ آرام سے جیت سکتی تھی ۔
  واضح رہے کہ کانگریس اراکین اسمبلی کے اس طرح سے استعفیٰ کا سیدھا فائدہ اب بی جے پی کو ملتا  ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ گجرات اسمبلی میں بی جے پی کے  پاس ۱۰۳؍ اراکین اسمبلی ہیں جبکہ این سی پی سے ایک اور بی ٹی پی سے۲؍ اراکین اسمبلی کی بھی اسے حمایت حاصل ہے۔ کل ملا کر۱۰۶؍ اراکین اسمبلی بی جے پی کے پاس ہیں۔ وہیں، کانگریس کے  پاس۷۳؍ اراکین اسمبلی تھےجن میں سے۷؍ اراکین استعفیٰ دے چکے ہیں۔ اس لحاظ سے اب کانگریس کے پاس صرف۶۶؍اراکین اسمبلی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک آزاد امیدوار جگنیش میوانی ہیں۔ گجرات میں راجیہ سبھا کی ایک سیٹ کیلئے۳۸؍ ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔ ایسے میں دو سیٹ تو اب سیدھے طور پر بی جے پی کی جھولی میں جاتی دکھائی دے رہی  ہیں۔ دراصل، کانگریس کو دو سیٹیں جیتنے کے لئے ۷۶؍ ووٹوں کی ضرورت ہے جو اس کے لئے اس وقت کے لحاظ سے  بڑے چیلنج سے کم نہیں  ہے۔ وہیں بی جے پی اس موقع کا پورا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے اور کانگریس کے سابق لیڈر نرہری امین کو اپنے تیسرے امیدوار کے طور پر میدان میں بھی اتار چکی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے ابھے بھاردواج اور رمیوا بین بارا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جبکہ کانگریس کے امیدوار شکتی سنگھ گوہل اور بھرت سنگھ سولنکی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK