Inquilab Logo

کورونا :شفا یاب ہونے والوں کی تعداد نئے معاملات سے کافی زیادہ

Updated: September 27, 2020, 5:12 AM IST | New Delhi

ملک میں جمعہ سے قبل لگاتار۶؍ دن تک صحت مند افراد کی تعداد اس وبا کا شکار ہونے والے نئے افراد کی تعداد سے زیادہ تھی جس کی وجہ سے فعال کیسوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، اب فعال کیسوں کے مقابلے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد ۵؍ گنا زیادہ ہوچکی ہے

coronavirus india - Pic : PTI
کورونا وائرس انڈیا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد۵۹؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن اس جان لیوا وبا کو شکست دینے والوں کی تعدادبھی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے ، جس کی وجہ سے ایک دن کے بعد اس کے فعال معاملات(زیر علاج کیس) میں کمی درج کی گئی ہے۔ملک میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران کووِڈ۱۹؍ کے ایکٹیو کیسز کی تعداد ۹؍ ہزار سے زیادہ کم ہوگئی جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر تقریباً۹ء۶۱؍ لاکھ رہ گئی۔ملک میں جمعہ سے قبل لگاتار۶؍ دن تک صحت مند افراد کی تعداد اس وبا کا شکار ہونے والے نئے افراد کی تعداد سے زیادہ تھی ، جس کی وجہ سے فعال کیسوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ اب فعال کیسوں کے مقابلے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد ۵؍ گنا زیادہ ہوچکی ہے۔
 مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے سنیچر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  کے۸۵۳۶۲؍نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور۹۳۴۲۰؍ مریض جان لیواوبا سے شفایاب ہوئے ہیں ، جس سے ایکٹیو کیس۹۱۴۷؍ کم ہو کر۹۶۰۹۶۹؍رہ گئے ہیں۔ کورونا متاثرین کی تعداد۵۹؍ لاکھ سے تجاوز کر کے۵۹۰۳۹۳۳؍ اور صحت مند مریضوں کی تعداد ۴۸۴۹۵۸۵؍ ہوگئی ہے۔اسی عرصے کے دوران ۱۰۸۹؍کورونا مریضوں کی موت ہوئی جس سے جان لیوا وبا سے اپنی زندگی گنوانے والے مریضوں کی مجموعی تعداد۹۳۳۷۹؍تک پہنچ گئی۔ملک میں ایکٹیو کیس کی شرح۱۶ء۲۸؍ فیصد ، اموات کی شرح۱ء۵۸؍ فیصد جبکہ شفایابی کی شرح۸۲ء۱۴؍ فیصد ہوگئی ہے۔
 ملک میں کورونا نمونوں کی جانچ کی رفتار میں تیزی لائے جانے سے ٹیسٹ کئے گئے نمونوں کی تعداد گزشتہ ۹؍ دنوں میں ایک کروڑ  سے تجاوز کر گئی ۔۲۵؍ ستمبر کو کورونا نمونو ں کی جانچ کی   مجموعی تعداد ۷؍ کروڑ کو عبور کرچکی ہے۔
 سنیچر کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق۲۵؍ ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے۱۳؍ لاکھ۴۱؍ ہزار۵۳۵؍ نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا اور مجموعی تعداد۷؍ کروڑ۲؍لاکھ۶۹؍ہزار۹۷۵؍ ہوگئی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے۲۴؍ستمبر کو ایک دن میں ریکارڈ۱۴؍ لاکھ۹۲؍ ہزار۴۰۹؍ نمونوں کاٹیسٹ کیا گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے۲۳؍ ستمبر کو ہی ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں مہاراشٹر ، آندھرا پردیش ، کرناٹک ، اتر پردیش ، تمل ناڈو ، دہلی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ سے ورچوئل میٹنگ کی تھی اور جان لیوا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاتھا۔
 ۶؍ اپریل تک کوروناٹیسٹ کی کل تعداد صرف ۱۰؍ ہزار تھی۔ اس کے بعد جیسے ہی وائرس کے کیس میں اضافہ ہوا، نمونوں کی جانچ میں بھی تیزی آئی۔۷؍ جولائی کو نمونوں کی جانچ کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی اور اس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوا اور۱۷؍ستمبر کو ۶؍ کروڑ کے اعداد و شمار کو پار کرلیا اور اب ۹؍ دن میں ۷؍ کروڑ کو عبور کر گیا۔
 اس دوران پورے  ملک  میں ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۱۰۸۹؍ کورونا متاثرین کی موت ہوگئی جن میں سے سب سے زیادہ۴۱۶؍ اموات  مہاراشٹر میں ہوئی تھیں۔ اس  وقت ملک میں  اوسطاً کورونا  سے  اموات  کی  شرح۱ء۵۸؍ فیصد ہے۔مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود   نے سنیچر کو  بتایا  کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں  کے دوران کورونا انفیکشن سے جان گنوانے والے۱۰۸۹؍ لوگوں میں سے۸۳؍ فیصد مریض ملک کی ۱۰؍ ریاستوں  اور مرکز  کے زیر انتظام علاقوں سے  تھے۔ مہاراشٹر  میں اس  دوران سب سے زیادہ۴۱۶؍لوگوں کی  موت ہوئی۔ اس کے علاوہ کرناٹک  میں۸۶؍، اترپردیش میں ۸۴؍، تمل ناڈومیں  ۷۲؍، پنجاب میں۶۸؍، مغربی  بنگال میں ۵۹؍، آندھرا  پردیش میں۴۸؍، مدھیہ  پردیش  میں ۳۰؍، چھتیس گڑھ میں ۲۵؍ اوردہلی میں ۲۴؍ لوگوں کی موت ہوئی۔ملک میں فی  الحال ۱۰؍ لاکھ کی آبادی میں کورونا  انفیکشن کی وجہ سے موت کا اعداد و شمار۶۸؍  ہے اور ملک کے۲۳؍  اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں قومی اوسط سے کم تعداد میں لوگوں کی موت ہوئی  ہے۔میزورم  ملک  کی ایک  ایسی ریاست ہے جہاں ایک بھی کورونا  انفیکشن  سے متاثرکی موت نہیں ہوئی ہے اور لکش دیپ میں کورونا  انفیکشن کا  ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK