Inquilab Logo

بھیونڈی میں کورونا ٹیسٹنگ لیباریٹری شروع کی جائے گی

Updated: July 04, 2020, 3:52 AM IST | Khalid Abdulqayyum Ansari | Bhiwandi

ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے کااعلان ، آئی جی ایم اسپتال اور علاج معالجے میں بہتری لانے کا وعدہ کیا۔

A scene from a meeting in Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی میں میٹنگ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

 ریاستی وزیربرائے صحت راجیش ٹوپے نے اپنے بھیونڈی دورے میں کورونا سے متاثرمریضوں کے علاج معالجے کیلئے اندرا گاندھی میموریل اسپتال(آئی جی ایم) کو جدید ترین طبی لوازمات سے لیس کرنے کا اعلان کیا۔ اسپتال میں فوری خدمات کی فراہمی کیلئے میڈیکل آفیسر، عملہ، نرس اور لیباریٹری میں خالی اسامیوں کوجلد ہی پُر کرکے اسپتال کی دوسری سہولیات کو اپ ڈیٹ کرنے اور کورونا سے متاثر مریضوں کا علاج نجی اسپتالوں میں مہاتما جیو تی با پھلے یوجنا کے تحت مفت کرنے کا اعلان کیا۔ریاستی وزیر کے اس دورے میں مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ ان کے ساتھ تھے۔راجیش ٹوپے نے میونسپل کارپوریشن میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی کی جس میں افسران کو متعدد احکامات جاری کئے گئے۔ 
  راجیش ٹوپے نے اعتراف کیا کہ بھیونڈی شہر کی آبادی بہت کم ہے۔ پھر بھی دوسرے شہروں کے مقابلے میں یہاں کورونا سے متاثر اورمرنے والے کی تعدادبہت زیادہ ہے۔ یہاں کورونا سے متاثرمریضوں کے دُگنا ہونے کی شرح میں اصلاح کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھانے ضلع میں کوروناکی جانچ کے لئے ۵؍ ٹیسٹنگ لیباریٹریز قائم کی جارہی ہیں ۔ ان میں بھیونڈی میں بھی ٹیسٹنگ لیب تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بند نجی اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو شروع کرنے کے لئے کوششیں کرنا ضروری ہیں ۔ اس کیلئے شہر کے تمام نجی اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور عملے کی حفاظت کے لئے پی پی ای کٹس مہیا کی جائیں گی جس کیلئے حکومت نے ۱۵؍ لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔
مہاتما جیوتی باپھلے یوجنا
 وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ مہاتما جیوتی با پھلے اسکیم کے تحت پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گاجس کیلئے انہوں نے شہر کے ۴؍ نجی اسپتالوں کو مہاتما جیوتی با پھلے یوجنا میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
نجی اسپتالوں کو انتباہ
 وزیر صحت نے نجی اسپتالوں کو متنبہ کیا ہے کہ نجی اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا تعاون ضروری ہے۔ جو تعاون نہیں کرے گاان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت ضلع اور کارپوریشن انتظامیہ کودے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے یونانی اور آیورویدک ڈاکٹروں سے بھی مدد لینے کا حکم دیا گیا ہے۔نیزآئی جی ایم اسپتال اور اورنج اسپتال کی خامیوں کو دور کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ دو سے تین دنوں کے اندر وہاں تبدیلیاں نظر آئیں گیں ۔ انہوں نے کم تنخواہ پانے والے ملازمین کو پوری تنخواہ دینے کی تجویزحکومت کو بھیجنے کا حکم دیا۔
انٹی جین ٹیسٹ شروع کرنے پر زور
 کورونا سے متاثرہ مریضوں کی شناخت کے لئے انٹی جین ٹیسٹ اور محلہ کلینک شروع کرنے کے احکامات دیتے ہوئے، محلہ کلینک میں عام مریضوں کا علاج ضروری ہے۔ مریضوں کی حالت کسی بھی طرح سے خراب نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی ایم اسپتال کووِڈاسپتال میں تبدیل کردیا ہےجس کی وجہ سے اورنج اسپتال میں غیر کووِڈ مریضوں کے علاج کے لئے لیا گیا ہے۔ اورنج اسپتال میں مریضوں کے ساتھ اچھے سلوک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اورنج اسپتال میں ڈیلیوری کیلئے آنے والی حاملہ خواتین کو دوسرے اسپتالوں میں بھیجا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK