Inquilab Logo

کورونا کا ٹیکہ محفوظ ہے، تذبذب کا شکار نہ ہوں

Updated: January 21, 2021, 11:45 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہاکہ ایپ سست چلنے سے ٹیکہ کاری دھیمی ہو رہی ہے اور نام بھی ڈبل درج ہو رہے ہیں

Covid19 Vaccine - pic : INN
کووڈ ویکسین ۔ تصویر : آئی این این

کورونا سے تحفظ کا ٹیکہ لگانے کی مہم جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرس کو ٹیکے لگائے جارہے ہیں لیکن اس ٹیکہ کاری سے  چند ہیلتھ ورکرس میں بھی تشویش پائی جارہی ہے جس کے پیش نظر  ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بدھ کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ہی کمپنیوں کے ٹیکے پوری طرح محفوظ ہیں اس لئے ہیلتھ ورکرس اور شہری کسی بھی طرح کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔انہوں نے اس کی بھی تصدیق کی ہے کہ ٹیکہ کاری کیلئے رجسٹریشن  والا ایپ سست رفتاری سے چلنے اور ایک نام ۲؍ مرتبہ درج ہونے سے کچھ پریشانی ضرور ہو رہی ہے۔وزیر صحت نے این سی پی کے  ریاستی آفس میں جنتا دربار کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ باتیں کہیں۔ 
 اس سلسلے میں وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایاکہ’’ منگل تک ٹیکہ کاری کا کام  ۵۴؍ فیصدمکمل کر لیا گیا ہے اور بدھ کو بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔  ٹیکہ کاری مہم میں ۲؍ طرح کی پریشانیاں آرہی ہیں۔رجسٹریشن کرنے والا ایپ انتہائی سست رفتاری سے چل رہا ہےاور دوسرا مسئلہ یہ آرہا ہےکہ کئی مراکز پر ایک ہی نام ۲، ۲؍ مرتبہ آرہے ہیں۔اس لئےلوگوں میں تھوڑا تذبذب پایا جا رہا ہے۔اس تعلق سے ہم نے بار بار مرکز کے گوش گزار کیا ہےاور مرکزی حکومت کی سطح پر اس خرابیوں کو درست کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ جلد ہی اسے درست کر دیاجائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’کئی ہیلتھ ورکرس میں ٹیکہ لینے کے تعلق سے تشویش پائی جارہی ہے ۔ یہ تشویش چند جگہوں پر ہی ہے۔اسی لئے متعدد ہیلتھ ورکرس اپنے ساتھیوں سے پہلے ٹیکہ لگانے کی درخواست کر رہے ہیں۔کہہ رہے ہیں کہ تو پہلے ٹیکہ لگا، بعد میں مَیں لگاؤں گا۔ اس طرح کی باتیں معلوم ہونے کے بعد ہم کاؤنسلنگ کر رہے ہیں، ہم انفارمیشن کمیونیکیشن  ایجوکیشن  ( آئی سی ای) اور چھوٹے ویڈیو ریکارڈنگ کرکے سبھی ہیلتھ ورکرس کو بھیج رہے ہیںجس میں انہیں بتایاجارہا ہے کہ یہ ٹیکہ انتہائی محفوظ ہے، ماہر طب اور ریسرچرس نے دونوں کمپنیوں کے ٹیکے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے  لہٰذا میری درخواست ہے کہ کوئی بھی تذبذب کا شکار نہ ہو اور  اس ٹیکہ کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہاکہ’’ پہلے روز سے ہی مہاراشٹر  میں ۶۵؍ فیصد ٹیکہ کاری کی گئی تھی اور گزشتہ روز ۵۴؍ فیصد ہوئی ہے جو کم نہیں ہے۔ ٹیکہ کاری میں مہاراشٹر بہترین ۳؍ریاستوں میں شمار کیا جارہا   ہےجہاں سب سے زیادہ ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔ ٹیکوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ہماری  تیاریاں پوری ہیں۔  ہم نے ہرسینٹر کو روزانہ   ۱۰۰، ۱۰۰؍ ٹیکے لگانے کی ہدایت دی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK