Inquilab Logo

کورونا سے مقابلے اور شہر کی حفاظت کیلئے گھروں تک ہی محدود رہنا ضروری ہے

Updated: April 10, 2020, 7:08 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگائوں میں کورونا سے متاثرہ افراد ملنے کے بعد شہر کے معززین کی تمام شہریوں سے اپیل ،کورونا سے مقابلہ گھروںمیں رہ کر اور حد درجہ احتیاط برت کر ہی کیا جاسکتا ہے،اسی لئے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی جارہی ہے

Market - Pic : PTI
مارکیٹ : تصویر : پی ٹی آئی

 کوروناسے شہر کے پانچ افراد متاثر اور ایک کی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہے۔ شہر میں لاک ڈائون  اور ۲۱؍ گھنٹے کے شٹ ڈائون کے ساتھ ۴؍علاقے مکمل طور سے سیل  کردئیے گئے ہیں۔  اس وجہ سے اہل مالیگائوں میں کافی تشویش پائی جارہی ہے ۔ حالات نازک موڑ پر پہنچ گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان حالات میںشہر کی موقر و معزز شخصیات نے عوام کے نام پیغام جاری کیاہے کہ وہ کورونا سے مقابلے کے لئے گھروں تک ہی محدود رہیں  اور فی الحال یہی ایک طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم کورونا سے لڑسکتے ہیں اور اسے شکست دے سکتے ہیں۔
’’ زندگی نعمت ہے اس کا تحفظ کیجئے ‘‘ 
  شہر کے معروف صنعتکار اور علم دوست رشید احمد فیضی نے کہا کہ’’ کورونا وائرس سے جیتنے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اپنے گھر میں رہ کر اس  وائرس کو  شکست دے سکتے ہیں۔جمعیۃ اہل حدیث کے ریاستی امیر ڈاکٹر سعید احمد فیضی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک تکثیری ،تہذیبی اور ثقافتی اقدار رکھنے والا ملک ہے۔آج ہمیں اِس بات پر سختی سے عمل کرناہے کہ اپنی جان ، اپنے اہل خانہ کی جان اور ملک  کےعوام کی جان کی حفاظت کیلئے تمام قواعد،قوانین اور ضوابط کی صد فیصد پاسداری کریں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پوری طرح سے متحد ہوکر اس وائرس سے لڑنا ہے۔
’’اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالیں ‘‘
  شہر کے معروف طبیب ڈاکٹر سعید احمد فارانی (جنرل سرجن )نے کہا کہ’’ مذہب اسلام نے اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالنے سے منع فرمایا ہے۔وبائی امراض کے پھیلائو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی ۔مذہبی فرائض کی ادائیگی میں بھی سہولت دی گئی۔ جب اتنی ساری سہولیات میسر ہیں تو ہمیں کسی قسم کی بے چینی ، پریشانی اور افراتفری میں مبتلا رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔‘‘انہوں نے کہا کہ مالیگائوں میں کووڈ ۱۹؍ سے  ۵ ؍ افراد کا متاثر پایا جانا بہت زیادہ تشویشناک بات ہے۔‘‘ دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے رکن مفتی محمد اسماعیل قاسمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’یہ گنجان آبادی والا علاقہ ہے یہاں احتیاط نہیں برتی گئی تو متاثرین بڑھ جائیں گے ۔ہمیں اِس وقت اپنے آپ کو گھر سے باہر نکلنے  سے روکنا ہوگا ۔ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں اور ڈاکٹروں کے ساتھ مکمل معاونت کریں ۔ ‘‘
’’جان ہے تو جہان ہے‘‘
 رضا اکیڈمی کے مقامی صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے کہا کہ’’ جان ہے تو جہان ہے ۔مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کا تعلق کثیر آبادی والی بستیوں سے ہے ۔اِس وقت انتظامیہ کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہےکہ اس وائرس سے دوسرے افراد کو متاثر نہ ہونے دیا جائے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK