Inquilab Logo

مالیگائوں میں کورونا وائرس داخل ، ۵؍متاثرین میں سے ایک جاں بحق

Updated: April 10, 2020, 7:27 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

متاثرین میں سے ایک شخص کا انتقال بھی ہو چکا ہے۔ اس کی تدفین عمل میں آنے کے بعد میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی ۔متوفی کورونا وائرس سے متاثر قرار پایا ہے ۔

Malegaon Lockdown - Pic : Inquilab
ماللیگاؤں لاک ڈاؤن ۔ تصویر : انقلاب

متاثرین میں سے ایک شخص کا انتقال بھی ہو چکا ہے۔ اس کی تدفین عمل میں آنے کے بعد میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی ۔متوفی کورونا وائرس سے متاثر قرار پایا ہے ۔
 ڈاکٹر سریش جگداڑے(سول سرجن ، نوڈل آفیسر کوروناوارڈ جنرل اسپتال، مالیگائوں) نے اخباری نمائندوں کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ ’’۵؍مشتبہ متاثرین کے نمونے بھیجے گئے تھے۔اس کی رپورٹ موصول ہوئی اور دکھ کی بات ہے کہ مہلوک سمیت دیگر کورونامتاثرین مالیگائوں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تری بھون نے بتایا کہ جس شخص کا انتقال ہوا ہے، وہ سعودی عرب سے واپس آیا تھا ۔بقیہ چار لوگوں کی رپورٹ مثبت پائی گئی لیکن ان چاروں متاثرین میں سے کسی نے بیرون ملک کا سفر نہیں کیا ہے۔ جنرل اسپتال کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کشور ڈانگے کے کہنے کے مطابق ہلاک ہونےوالے شخص کی عمرہ کے سفر سے واپسی ہوئی تھی۔اہل خانہ نے بیرون ملک سفر کی کوئی معلومات انتظامیہ کو فراہم نہیں کی تھی۔مرض میں اضافے کے بعد انہیں داخل اسپتال کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین اور مہلوک کے لواحقین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔اس بات کی تفتیش بھی جاری ہے کہ اطرا ف واکناف میں مہلوک کے مراسم کن لوگوں سے تھے۔ریکارڈز جمع کئے جارہے ہیں اس بنیاد پر مزید طبی اقدامات پر عمل آوری ہوگی۔اس اچانک خبر کی وجہ سے یہاں کے عوام حیران ہیں اور ایک بڑے طبقے میں خوف بھی پایا جانے لگا ہے۔ 
متوفی کی تدفین احتیاطی تدابیر کیساتھ ہوئی :ضلع کلکٹر سورج مانڈھرے 
 کورونا متاثرین کے سامنے آنے پر مالیگائوں کے دورے پر آئے ضلع کلکٹر سورج مانڈھرے نے انقلاب  کو بتایاکہ متوفی کی تدفین کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں۔کورونا وائرس سے متاثر کی موت ہونے کے بعد طبّی نکتہ نگاہ سے جوہدایات ہیں، اسے ملحوظ رکھا گیا  تھا۔نعش کی کوئی بے حرمتی نہیں ہوئی۔اسے قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔ سورج مانڈھرے نے کہا کہ متوفی کی تدفین کے بعد میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی۔ رپورٹ آنے سے قبل وہ انتقال کرگیا البتہ وہ کورونا کے مشتبہ متاثرین میں شامل تھا، اس کے نمونے جانچ کیلئے لیب میں بھیجے گئے تھے، اس دوران وہ اِس دنیا سے رخصت ہوگیا تو اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ حفظ ماتقدم کے طور پر مہلوک کو سپردخاک کرنے کیلئے ضابطے کی پاسداری کی جائے۔
  مالیگائوں کے جنرل اسپتال میں رضاکارانہ طور پر مریضوں کے مدد گار شیخ شفیق نے انقلاب سے بات چیت کے دوران کہا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے مریض کی عمر لگ بھگ ۶۰؍ برس رہی ہوگی ۔طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں داخل اسپتال کیاگیا تھا۔کئی دنوں تک انہیں سخت نگہداشت میں رکھا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکے۔شیخ شفیق نے کہا کہ ۸؍ اپریل کی رات میں میڈیکل رپورٹ آئی، اس سے قبل موت واقع ہوچکی تھی۔لاش کو قانونی مراحل کے بعد وارثین کے حوالے کردیا گیا ۔اسلامی روایات کے عین مطابق قبرستان میں دفنا یا گیا ہے۔
کئی علاقے مکمل طور سے سیل کردیئے گئے 
 مالیگائوں کے ڈی وائی ایس پی رتناکر نولے نے بتایا کہ کووڈ ۱۹؍ سے متاثرہ پائے گئے مریضوں کی رہائش جن بستیوں میں ہے، انہیں اگلے ۱۴؍ دنوں تک مکمل طور سے سیل کردیا گیا ہے۔گلاب پارک سے ایک ،مومن پورہ سے دو ،کمال پورہ سے ایک اور مدینہ آباد سے ایک، اس طرح مجموعی طور سے ۵؍ متاثرین پائے گئے ہیں۔ڈی وائی ایس پی نے  کہا کہ متذکرہ علاقے میں پولیس انتظامیہ کی مدد سے ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ان علاقوں میں ہرقسم کی آمدورفت مسدود رہے گی۔خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی ہوگی۔اس معاملے میں مالیگائوں کے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ وجئے آنند شرما نے کہا کہ جن علاقوں کو مکمل طور سے سیل کیا جارہاہے، وہاں خوردنی اشیاء اور دوسرے ضروری لوازمات کی فراہمی کیلئے سرکاری انتظامیہ منظم طور سے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا پازیٹیوکے مریضوں کا تعلق جن بستیوں سے ہے، وہاں رہنے والے عوام سرکاری انتظامیہ کا پورا تعاون کریں۔ خیال رہے کہ ابھی چند دنوں قبل سرکاری طور پر اس بات کا اعلان کیاگیا تھا کہ ناسک ضلع کورونا سے پوری طرح محفوظ ہے اور یہاں اس کا ایک بھی مریض نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK