Inquilab Logo

عام اموات کی تدفین میں بھی دشواریوں کا سامنا

Updated: April 01, 2020, 12:54 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

لاک ڈاؤن کے سبب متوفی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور آدھار کارڈ دینے کے باوجود پولیس کی جانب سے تفتیش کی وجہ سے تدفین میں تاخیر

Burial Mumbai - Pic : Inquilab
تدفین کے بعد رشتے دار۔ تصویر : انقلاب

لاک ڈائون کے سبب عام اموات کی تدفین میں بھی قانونی کارروائی میں پیش آنےوالی دقتوں سے عوام پریشا ن ہے ۔ تدفین کیلئے پہلے مقامی پولیس سے پرمیشن لینا ضروری ہے ۔ اس کارروائی کے لئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ آدھار کارڈ بھی ہونا چاہئے ۔ ان دستاویزات کو دکھانے کے باوجود پولیس متعدد سوالات کرتی ہے۔ اس کےساتھ ہی جنازہ میں ۲۰؍سے زیادہ افراد کی شرکت پر بھی پابندی ہے۔اس کے علاوہ تدفین کے بعدجنازہ قبرستان سے خود واپس بھی لانا ہے ۔ کچھ لوگوںکو ابھی اس بارے میں علم نہیں ہے اس لئے انہیں پریشانی ہورہی ہے۔
 مورلینڈروڈ ، نیانگر کے سماجی کارکن محمد علی بھائی نے بتایاکہ ’’ ان کی بہن گزشتہ کئی مہینوں سے علیل تھی ۔  ڈاکٹروںنے گزشتہ دنوں انہیں جواب دے دیاتھا اور گھر پر رکھنے کی اپیل کی تھی۔ وہ گھر پر ہی تھیں۔ان کی طبیعت بہتر نہیں ہورہی تھی۔ منگل کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔ ہم معمول کے مطابق تدفین کی تیاری کررہے تھے ۔ اس درمیان ہمارے ایک وکیل دوست نے بتایاکہ ان کی تدفین کیلئےناگپاڑہ پولیس اسٹیشن سے پرمیشن لینی ہوگی تب ہی تدفین ہوسکے گی۔ یہ اطلاع میرے لئے حیرت انگیز تھی ۔ خیر ہم لوگ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن گئے تو ہم سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور آدھار کارڈطلب کیاگیا۔ یہ دونوں دستاویزات دینے کےباوجود پولیس ان کی بیماری اور موت سے متعلق متعدد سوالات کررہی تھی  جس سے  عارضی پریشانی ہوئی اور اس کارروائی میں  ڈیڑھ سے۲؍گھنٹے لگ گئے۔ اس کےبعد پولیس نے  تدفی کی اجازت دی۔ 
 محمد علی کےمطابق ’’ پولیس نے یہ بھی کہاتھا کہ میت میں ۲۰؍ سے زیادہ افراد شریک نہیں ہوںگے۔ چنانچہ ہم نے گھر کے قریبی عزیزوں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی ۔ بعدازیں ایمبولنس میں میت ناریل واڑی قبرستان لے گئے جہاں پولیس پرمیشن دکھانے کےبعدمیت دفنانےکی اجازت دی گئی۔ ‘‘انہوںنےیہ بھی بتایا کہ ’’لاک ڈائون کے سبب جنازہ واپس لانے والے حمال بھی قبرستان میں نہیں ہیں۔ اس لئے جنازہ ہمیں ہی واپس لاناپڑا ۔ عام اموات کیلئے بھی پولیس کی کارروائی سے عوام کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
 انہوںنے حالانکہ اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ملک اور شہر میں پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا اور اس کے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے سبب پولیس اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ہر شہری کو ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اور یہ وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK