Inquilab Logo

ممبرا : کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ۴؍ ہوگئی۔ ۱۲عمارتیں سیٖل، پیٹرول پمپ بند

Updated: April 09, 2020, 5:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

یہاں امرت نگر علاقہ کورونا وائرس کا ہاٹ اسپاٹ بنتا جارہا ہے۔ یہاں کورونا کے ایک شخص کو متاثر پائے جانے کے بعداب متاثرین کی تعداد ۴؍ ہو گئی ہے۔

Mumbra Lockdwon - Pic : Inquilab
ممبرا لاک ڈاؤن ۔ تصویر : انقلاب

یہاں امرت نگر علاقہ کورونا وائرس کا ہاٹ اسپاٹ بنتا جارہا ہے۔ یہاں کورونا کے ایک شخص کو متاثر پائے جانے کے بعداب متاثرین کی تعداد ۴؍ ہو گئی ہے۔ اسی کے ساتھ علاقے کی ۴؍ ہاؤسنگ سوسائٹیوںکی ۱۲؍ ونگس کو سیٖل کر دیا گیا ہے ۔ البتہ جس پہلے مریض کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا، اس کی بیوی اور ساتھ میں رہنےو الے رشتہ داروں کو کورونا نگیٹیو پایا گیا ہے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سیٖل کی جانے والی عمارتوںکے پاس بینر لگا کر شہریوںکو یہاں آمد ورفت نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
 دوسری جانب ممبرا پولیس کی جانب سے متعدد مقامات پر مین روڈ کے ایک جانب کا حصہ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے اور بلاضرورت لوگ گاڑیوں سے نہ گھومیں اس لئے احتیاطاً کوسہ پیٹرول پمپ  بند کر دیا گیا ہے۔
 اس سلسلے میں مقامی کارپوریٹر اشرف (شانو) پٹھان نے بتایا کہ ’ ’گزشتہ دنوں کالسیکر اسپتال میں کام کرنے والے ایک ۳۷؍ سالہ شخص کو کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے سبب جہاں وہ رہتا ہے ،اس شبنم کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کی ۶؍ ونگ کو آج ٹی ایم سی نے سیٖل کر دیا ہے۔ اسی طرح جن جن عمارتوں سے کورونا کے مریض ملے ہیں، انہیں بھی یعنی مسکان اپارٹمنٹ کی ۲؍ ونگ،تحسین اپارٹمنٹ کی ۲؍ ونگ اور ان سے پہلے وگنا اپارٹمنٹ کی ۲؍ ونگ کو سیٖل کیا گیا ہے ۔اس طرح اب تک ۱۲؍ ونگوں کو سیٖل کیا جاچکا ہے۔‘‘
 پیٹرول پمپ بند 
 بدھ کو کوسہ پیٹرول پمپ بھی بند کر دیا گیا ۔ پیٹرول پمپ کے مالک اقبال ویرانی سے رابطہ قائم کرنے پرانہوںنے بتایا کہ پولیس کی درخواست پر پیٹرول پمپ عام شہریوں کیلئے بند کیا گیا ہے البتہ صحافی ، ایمبولینس اور انتہائی ضروری سروسیز کے ملازمین کیلئے سروس دی جارہی ہے اور ان کا شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد انہیں پیٹرول دیاجارہا ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ عام طو رپر نوجوان تفریح کیلئے پیٹرول بھروا کر گھومتے ہیں اس لئے بھی پیٹرول پمپ بند کیا گیا ہے۔ 
ایک جانب کا روڈ بند
 بلا ضرورت سڑکوں پر موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں سے گھومنے والوں پر کارروائی کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے ممبرا سے کوسہ جانے والے مین روڈ کی ایک جانب کی سڑک کو جگہ جگہ آٹو رکشا کھڑی کر کے اور بیریکیٹ لگا کر بند کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK