Inquilab Logo

ممبرا کا کالسیکراسپتال ۱۴؍ دنوں کیلئے بند، بھابھا اسپتال کا اسٹاف بھی کوارنٹائن

Updated: April 09, 2020, 5:20 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کالسیکر اسپتال کے مارکیٹنگ ڈپار ٹمنٹ کے ایک اسٹاف کے کورونا وائر س سے متاثر پائے جانے کے بعد اسٹاف کے ۶؍ اراکین کوکوارنٹائن اور۵؍ کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا، مستحکم مریضوں کو ڈسچارج کرنے کے بعد اسپتال دوہفتوں کیلئے سیل، بھابھا اسپتا ل میں ایک خاتون کی مو ت کے بعد۴۰؍ ڈاکٹرس اورنرسیں طبی نظر بند

Kalsekar hospital - Pic : INN
کالسیکر اسپتال ۔ تصویر : آئی این این

:شہرمیں اسپتالوں کے عملے کے کوروناسے متاثر ہونے کے سبب تشویش بڑھ گئی ہے۔ ممبرا کے کالسیکراور باندرہ کے بھابھا اسپتال کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ممبرا کے کالسیکر اسپتال کے مارکیٹنگ ڈپار ٹمنٹ کے ایک اسٹاف کو کورونا وائر س سے متاثر پائے جانے کے بعد کالسیکر اسپتال کو ۱۴؍ دنوں کیلئے بند کر دیاگیا جبکہ بھابھا اسپتال میںایک کورونا سے متاثر ایک خاتون کی موت ہونے کے بعد اسپتال اسٹاف  کے کم وبیش ۴۰؍ ڈاکٹروں کو  اورنرسوں کو کوارنٹائن کردیاگیا۔
 کالسیکر اسپتال میں انتہائی نگہداشت والے کمرے میں زیر علاج مریضوںکو دیگر اسپتالوں میں جبکہ باقی مریضوں کو جن کی حالت مستحکم  ہے، ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ اسپتال کے ۶؍ اسٹاف کو کوارنٹائن سینٹر جبکہ ۵؍ کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے۔
  اس سلسلے میں تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کے پرائمری ہیلتھ سینٹر ،شیل کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارون گاؤڑے کی جانب سے اسپتال کے مین گیٹ پر ۸؍ اپریل کو ایک نوٹس بھی لگایا ہواہے۔ اس نوٹس میں کہاگیا ہے کہا کہ اسپتال  کے اسٹاف کا ایک رکن کووِڈ ۱۹؍(کورونا وائرس) سے متاثرہ پایا گیا ہے اس لئے وبائی امراض کے قانون  کے تحت کالسیکر اسپتال کو ۱۴؍ دنوں کیلئے بند کیا جارہا  ہے۔
 اس سلسلے میں کالسیکراسپتال کےچیف ایگز یکٹیو آفیسر آفرین سوداگر سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نےبتایاکہ’’اسپتال کے مارکیٹنگ محکمہ میں کام کر نےوالا ایک اسٹاف کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے، اس لئے اسپتال سیل کیا گیا ہے۔حالانکہ اسٹاف اسپتال سے زیادہ باہر ہی رہتا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ اس وقت کل ۱۷؍ مریض زیر علاج تھے۔ البتہ اسپتال بند کرنے کا نوٹس ملتے ہی جن مریضوں کی حالت مستحکم تھی اورجنہیں ڈسچارج کیا جاسکتاتھا، انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ۔ البتہ آئی سی یو میں زیر علاج ۳؍میں سے ۲؍ مریضوں کو اسپتال کے ایک فزیشین  کے کلیان میں واقع اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے اور ایک بچےکو کے ای ایم اسپتال بھیجا گیا ہے۔‘‘
  آفرین کے مطابق اسپتال کے ۶؍ اسٹاف کوبھائندر میں لودھا میں قائم کئے گئے کوارنٹائن سینٹر بھیجا گیا ہے جبکہ باقی لو رسک کے  ۵؍ اسٹاف کو ہوم کوارنٹائن کیا گیاہے۔
  ڈائی لیسس کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے کہاکہ ’’ ڈائی لیسس کے مریضوں کیلئے ہم کلوا کے شیوا جی اسپتال میںنظم کرنے کی کوشش کر رہےہیں۔چونکہ ڈائی لیسس کے مریض زیادہ حساس ہوتے ہیں اور اسلئے  خطرہ نہیں  لیاجاسکتا۔
 جب نمائندہ ٔ  انقلاب نے اسپتال کا دورہ کیا تو مین گیٹ بند تھا اور اس پر مراٹھی میں نوٹس بھی لگا ہوا تھا۔ اسی دوران ایک مریض ڈائی لیسس کیلئے بھی آیا تھا لیکن اسپتال بند ہونے کے سبب اسے مایوس ہی لوٹنا پڑا۔
  دوسری جانب بھابھا میونسپل اسپتال میں کورونا وائرس سے  ایک خاتون کی  موت کے بعد اسپتال کی نرسیں اور ڈاکٹروں نے خود کو کوارنٹائن کرنے کیلئے احتجا ج کیا تھا جس کی وجہ سےانھیں  اسپتال میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر ۴۰؍ ڈاکٹروں اور نرسوں کو کوارنٹائن کیا گیا ہے ۔ 
 اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ باندرہ کے مغرب میں واقع بھابھا اسپتال میں ۳۸؍ سالہ خاتون زیر علاج تھی اور منگل کی دوپہر میں تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے علاج کے دوران انتقال کرگئی۔پوسٹ مارٹم کیا گیا تورپورٹ سے پتہ چلا کہ وہ کوروناکی متاثرہ تھی۔اسپتال کے ایک اسٹاف کے مطابق یہ خبر جب اسپتال کے عملہ اور اس کے ڈاکٹروں کو معلوم ہوئی تو سبھی عملہ بدھ کو اسپتال کے باہر نکل کر اپنے تحفظ کیلئے  احتجاج کرنے لگا ۔  اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ خاتون جنرل وارڈ میں زیر علاج تھی۔ رپورٹ آنے کے بعدڈاکٹروں اور اسٹاف نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہم لوگوں کو کوارنٹائن کرنے کے علاوہ پی پی ای کا انتظام بھی کیا جائے ۔ 
  بھابھا اسپتال کےچیف میڈیکل افسرڈاکٹر پردیپ جادھو نےبتایا کہ احتجاج کے بعد ڈاکٹر وں ، نرسوںسمیت اور اسٹاف کے ۴۰؍ ملازمین کو اسپتال میں ہی کوارنٹائن کیا گیا ہے اور  جانچ کے بعد ہی معلوم  ہوسکے گا کہ خاتون کی  وجہ سے کتنے لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK