Inquilab Logo

کوروناوائرس کے معاملات پر سانتاکروز اور چیتاکیمپ میں ہنگامہ

Updated: April 08, 2020, 8:16 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

آبادی کے درمیان خالی عمارتوں میں قرنطینہ وارڈ بنانے کیخلاف گولی بار کے مکین ناراض، بڑی تعداد میں جمع ہوکر احتجاج کیا

Coronavirus, Cheetacamp - Pic : Inquilab
گولی بار علاقے میں احتجاج کرنے والے افراد کو پولیس اہلکار منتشر کرتے ہوئے۔ تصویر : انقلاب

یہاں گولی بار  کے  رہائشی  علاقے میں خالی  پڑی عمارتوں میں کورونا کے مریض کو لاکر رکھنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ جب مقامی افراد کو اس بارے میں خبر ملی تو وہ  بڑی تعداد میں وہاں جمع ہوگئے اور انھوں نے بی ایم سی کے متعلقہ افسران اور جائے وقوع پر پولیس اہلکاروں کے خلاف ہنگامہ شروع کردیا ۔  پولیس نے مبینہ طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے  لاٹھی چارج کردیاجس وجہ سےعلاقے کے مکینوں میں پولیس اور بی ایم سی کے خلاف ناراضگی  پائی جارہی ہے ۔
 موصولہ  اطلاع کے مطابق سانتاکروز مشرق کے علاقے گولی بار سے متصل کھار امبے واڑی کے مکینوں کو جب یہ خبر ملی کہ بی ایم سی کی جانب سے یہاں کی بلڈنگوں میں قرنطینہ کئے جانے والے افراد کیلئے بنیادی کام شروع کردیا گیا ہے اورمہاڈا کی  ۱۵؍ منزلہ تعمیر شدہ نا مکمل عمارت  میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کیلئے قرنطینہ وارڈ بنایا جارہا ہے تو اس  کے خلاف سیکڑوں افراد وہاں جمع ہوگئے اور انھوں نے احتجاج شروع کردیا ۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ اس گنجان آبادی میں کورونا  وارڈ  نہ بنایا جائے کیوں کہ کورونا وائرس کے متاثرین کے سبب   علاقے میں بھی اس  وبا کےپھیلنے کا خطرہ  رہے گا۔ 
  اس ضمن میں جاوید شیخ  نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ بی ایم سی کی جانب سے مہاڈا کی  ۱۵؍ منزلہ عمارت میں قرنطینہ وارڈ بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سےمقامی   افراد نے  احتجاج کیا  ۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے   نرمل نگر پولیس نے لاٹھی چارج کرکےبھاگنے پر مجبور کردیا ۔   
 احتجاج کرنے والے عارف خان نے کہا کہ تعمیر شدہ عمارت میں اب تک نہ بجلی ہے اور نہ ہی پانی دستیاب ہے۔ ایسی صورت میں یہاں پر قرنطینہ وارڈ بنایا جارہا ہے اور اس وارڈ کی وجہ سے علاقے میں کورونا وائرس پھیل جائے گا ۔  انھوں نے مزید بتایا کہ احتجاج کے بعد بھی  بی ایم سی اور بجلی محکمہ کی جانب سے پانی اور بجلی سپلائی کا کام شروع ہوچکا ہے لیکن مکین نہیں چاہتے کہ اس عمارت میں قرنطینہ وارڈ قائم ہو۔ اسے روکنے  کی  ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ مقامی  افرادکا کہنا ہے کہ اس عمارت سے  متصل بازار  میں  آنے جانے والوں کا یہ  عام راستہ ہے اور بچے بھی اس کے آس پاس کھیلتے ہیں۔
  نرمل نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ششی کانت بھنڈارے  نے  بتایا کہ مظاہرین پر لاٹھی چارج کا الزام بے بنیاد ہے۔ بی ایم سی کورونا متاثرین کیلئے  قرنطینہ وارڈ کا انتظام کررہی  ہے جو سی  گریڈ میں آتے  ہیں ۔   کورونا کے پوزیٹیو مریضوں کو اسپتالوں میں جبکہ گھر کے دیگر افراد کو  یہاں پر  رکھنے کا انتظام  کیا جائے گا۔  ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حکومت فیصلہ کرتی ہے کہ کہاں پر قرنطینہ سینٹر اور آئیسولیشن وارڈ بنایا جائے گا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK