Inquilab Logo

کشمیر میں کوروناوائرس سے دوسری موت،۵؍ نئے مثبت کیس سامنے آئے

Updated: March 30, 2020, 12:56 PM IST | Agency | Srinagar

وادیٔ کشمیر میں اتوار کی علی الصباح شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک۶۲؍ سالہ شخص کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی جس کے بعد وادی میں اس عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ۲؍ ہوگئی ہے۔

Kashmir Lockdown - Pic : PTI
کشمیر لاک ڈاؤن ۔ تصویر : پی ٹی آئی

وادیٔ کشمیر میں اتوار کی علی الصباح شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک۶۲؍ سالہ شخص کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی جس کے بعد وادی میں اس عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ۲؍ ہوگئی ہے۔وادی میں اتوار کو کورونا وائرس کے پانچ نئے مثبت کیس سامنے آئے جس کے بعد جموںکشمیر میں اب تک سامنے آنے والےمعاملات کی تعداد۳۸؍ہوگئی ہے۔ان میں سے۲؍ افراد کی موت ہوچکی ہے اور۲؍ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ایکٹیو کیسوںکی تعداد۳۴؍ ہے۔
 جموںکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کورونا وائرس کی وجہ سے اتوار کو ہونے والی ایک اورمریض کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ’’ `دن کی شروعات بری خبر سے ہورہی ہے۔ سری نگر میں اتوارکی صبح ایک مریض کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوگئی۔‘‘انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ’’ `کشمیر میں مزید ۵؍ مثبت معاملات سامنے آئے۔ سری نگر اور بڈگام سے دو دو اور بارہمولہ سے ایک کیس سامنے آیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والے شخص، جس کا کورونا وائرس ٹیسٹ ایک روز قبل سنیچر کو مثبت آیا تھا، اس کی اتوار کو علی الصباح ۴؍ بجے کے آس پاس سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع امراض سینہ کے ایک  اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی جگر اور سینے کے امراض میں بھی مبتلا تھا۔
 مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں ایک سینئر سرکاری عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ متوفی کو سنیچر کو ہی  سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سے امراض سینہ کےاسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور ان کاکورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی کی وضع شدہ طریقہ کار کے مطابق تدفین عمل میں لائی گئی۔ٹنگمرگ سے ایک صحافی نے خبررساں ایجنسی یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے شخص کی کوئی سفری تاریخ نہیں تھی اور نہ وہ اب تک مثبت آنے والے کسی مریض کے براہ راست رابطے میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی سینے کے امراض میں مبتلا تھا اور حال ہی میں اسپتال میں بھرتی ہوا تھا۔
 قبل ازیں۲۶؍مارچ کو امراض سینہ کے اسپتال میں ہی زیرعلاج ۶۵؍ سالہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی تھی۔ وہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔ متوفی شخص جن کا تعلق سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدر پورہ سے تھا، تبلیغی جماعت سے بھی وابستہ تھے۔ انہوں نے فروری میں نئی دہلی کا سفر کیا تھا اور وہاں قریب ایک ماہ تک مقیم رہے جس دوران انہوں نے وہاں تبلیغی جماعت کے ایک بین الاقوامی اجتماع میں شرکت کی تھی۔ اس اجتماع میں انڈونیشیا اور ملیشیا سے تعلق رکھنے والےتبلیغی کارکنوں نے شرکت کی تھی۔
 واضح رہے کہ جموںکشمیر میں سنیچر کو ایک ہی دن میں ۱۳؍ افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔ اتوار کو سامنے آنے والے ۵؍ مثبت معاملات کے ساتھ اس یونین ٹیریٹری میں اب تک سامنے آنے والے کورونا وائرس کے مثبت معاملات کی تعداد بڑھ کر ۳۸؍ ہوگئی جن میں سے ۲؍ معمر شخص انتقال کرچکے ہیں جبکہ۲؍ متاثرہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سری نگر میں سب سے زیادہ۱۵؍ کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے۱۳؍ ایکٹیوکیس ہیں، ایک کی موت اور ایک صحت یاب ہوچکا ہے۔ حکومت نے مثبت کیس کی تعداد میں لگاتار اضافے کے پیش نظر ۸؍ اسپتا لو ں کو کورونا  کے مریضوں کیلئے مخصوص رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK