Inquilab Logo

شب ِ برأت پرشہرومضافات کی مساجد اور قبرستان مقفل رہے

Updated: April 10, 2020, 7:34 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مساجدکورنگ برنگی قمقموں سےسجایا بھی نہیں گیا۔کوروناوائر س کے پیش نظر حکومت اور پولیس کی ہدایت پرعمل درآمد، لوگوںنے گھروں میں ہی عبادت کی

Marine Line Police - Pic : Inquilab
مرین لائن پولیس ۔ تصویر : انقلاب

کوروناوائر س کے پیش نظر حکومت اور پولیس کی ہدایت پر جہاں ممبئی اوراس کے قرب و جوار کے علاقوں کی مساجدمیںعام مصلیان کیلئےنماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کی گئی ہے وہیں شب ِ برأت کےموقع پر بھی مسلمانوں سے گھروںمیں عبادت کرنےکی اپیل کی گئی تھی جس کی وجہ سے جمعرات کو شہر ومضافات کی مساجد، قبرستان اور درگاہوںپربھیڑ نہیں رہی۔ مساجداور قبرستان مقفل رہے۔  اقلیتی علاقوںمیں پولیس کے ذریعے گھروںمیں عبادت کرنےکا اعلان کیاگیا۔ مساجد سے بھی اسی طرح کا اعلان کیاگیاکہ کوروناوائرس کی وجہ سے حکومت اور پولیس نے ہمارے تحفظ کیلئے گھروں میں عبادت کرنے کی اپیل کی ہے چنا نچہ گھر وں سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔ اس کےعلاوہ اس موقع پر کسی بھی مسجدمیں سجاوٹ وغیرہ بھی نہیں کی گئی ۔ سنی دعوت اسلامی کی جانب سے آن لائن طریقہ کار سے شب ِ برأت کی فضلیت کا بیان کرنےکے ساتھ ہی نوافل نماز کی ترکیب بھی بتائی گئی۔
  شب برأت کے پیش نظر محمد علی روڈ ، بھنڈی بازار ، جے جے جنکشن ، ناگپاڑہ ، مدنپورہ اور بائیکلہ وغیرہ  علاقوںمیں پولیس کا سخت بندوبست رہا تاکہ کوئی گھر سے نہ نکل سکے۔ ناگپاڑہ پولیس نے ایک طرف ۹؍ اور ۱۰؍ اپریل کو پورے علاقےمیں الگ الگ محلوںمیں دکانیں وغیرہ کھولنےکیلئے ٹائم ٹیبل جاری کیاتھاتو دوسری جانب روزہ داروںکی سہولت کیلئے افطاری وغیرہ خریدنے کی رعایت بھی دی تھی ۔ تاہم پورے علاقےمیں پولیس کا سخت پہر ہ لگادیاگیاتھا تاکہ کوئی بھی سڑک پر بائیک  اور گاڑیاں لے کر نکلنے کی کوشش نہ کرسکے۔حکومت ،پولیس اور مساجد سے ہونےوالی اپیلوں کی وجہ سے شب ِ برأت پر  مذکورہ سبھی علاقے میں مسلمانوں نے گھروں پر عبادت کی ساتھ ہی کسی بھی مسجد میں سجاوٹ نہیں کی گئی ۔ 
 سنی بڑی مسجدمدنپورہ کے نگراں اقبال انصاری نے بتایاکہ ’’ جس طرح ان دنوں مساجد میں امام ، موذن اور خادم نماز اداکررہےہیں اسی طرح شب برأت  میں بھی ان ہی افراد نے  نماز ادا کی۔ مسجدمیں کسی طرح کی سجاوٹ نہیں کی گئی ہے۔ جو قمقمے پہلے سے مسجد میں لگے ہیں ،  ان ہی کو مغرب کے وقت روشن کیاگیا۔ اس کے علاوہ کسی طرح کا کوئی خصوصی نظم نہیں کیاگیا۔
 سنی دعوت اسلامی سے وابستہ مولانا محمد رضوان خان نے کہاکہ ’’ ہم نےتمام مسلمانوں سے گھروںمیں عبادت کرنےکی اپیل کی ہے۔  یہ بھی کہا ہے کہ کوروناکی وبا سے ملک کو محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی دعاکی جائے۔اس کے علاوہ آن لائن طریقہ  سے شبِ برأت کی فضلیت بیان کی گئی اور نوافل کی ادائیگی کی ترکیب بیان کی ۔‘‘
 مرین لائنس کے سماجی کارکن محمد سلمان قریشی نے کہاکہ ’’ مرین لائنس قبرستان میں پولیس کا معقول انتظام کیا گیاہےتاکہ کوئی بھی قبرستان میں داخل نہ ہو،ہم لوگ بھی یہاں ڈیوٹی دے رہےہیں۔ قبرستان کے صدر دروازے کو مقفل کیاگیاہے۔کسی طرح کی اضافی روشنی نہیں کی گئی ہے ‘‘
   ممبرا   میں بھی اسی طرح تمام مساجد سے گھر وں میں عبادت کرنےکی اپیل کی گئی ۔ جامع مسجد سے متواتر اعلان کیاگیاکہ گھروںمیں رہیں۔ قبرستان جانےکی زحمت نہ کریں ۔ جامع  مسجد جو شب ِ برأت پررنگ برنگی  قمقموں سے جگمگاتی تھی ،وہاں ایک قمقمہ نہیں لگایاگیا۔ قبرستان میں بھی سناٹا رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK