Inquilab Logo

کورونا وائرس کےسبب بھیونڈی میں۹؍ سے۱۴؍اپریل تک سبزی مارکیٹ بند

Updated: April 10, 2020, 1:27 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے بھیونڈی میں جمعرات سے سبزی مارکیٹ بند کردیا گیا ہے۔یہ پابندی ۹؍اپریل سے ۱۴؍اپریل تک عائد کی گئی ہے

Vegetable Market, Bhiwandi - Pic : Inquilab
سبزی مارکیٹ، بھیونڈی ۔ تصویر : انقلاب

کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے بھیونڈی میں جمعرات   سے سبزی مارکیٹ بند کردیا گیا ہے۔یہ پابندی ۹؍اپریل سے ۱۴؍اپریل تک عائد کی گئی ہے۔میونسپل کمشنر پروین اشٹیکر نے بدھ کی رات اس تعلق سے پریس ریلیزجاری کی ہے۔ واضح ہے کہ اس سے قبل سبزی مارکیٹ کو صبح ۵؍بجے سے شام ۵؍بجے تک ہی جاری رکھنے کے متعلق ہدایت جاری کی تھی۔اسی کے ساتھ ہی ۲؍ دن قبل تھوک سبزی مارکیٹ کوشہر سے باہر پوگاؤں میں منتقل کردیا گیا تھا۔ لیکن سوشل ڈیسٹینسنگ کو وجہ بتا کر اب شہر کے اندر واقع سبھی سبزی مارکیٹ کو بند کرکے خوردہ سبزی مارکیٹ بھی پوگاؤں میں منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
  اس سلسلے میں میونسپل کمشنرڈاکٹر پروین اشٹیکر نے کہا کہ  شہریوں سے بار  بار یہ درخواست کی جارہی ہے کہ وہ خریداری کے دوران بھیڑ نہ کریں اور ایک دوسرے سے محفوظ  فاصلہ (کم از کم ایک میٹر) رکھیں لیکن اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے لہٰذا  خطرہ مول نہ لیتے ہوئے سبھی سبزی مارکیٹ ۹؍اپریل سے۱۴؍اپریل تک بند رکھے جائیں گی تاکہ لوگ ایک دوسرے سے رابطہ میں نہ آئیں۔جس سے شہر میں کورونا کی آمد کو روکا جاسکے۔میونسپل کمشنر نے کہا کہ شہر کے اندر ہاتھ گاڑی پر سبزی فروخت کرسکتے ہیں لیکن ایک جگہ رک کر انہیں بھاجی فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
میڈیکل اور دکانوں پر محفوظ فاصلہ ضروری
 میونسپل کمشنر نے کہا ہے کہ کرانہ ، ادویات ،دودھ اور دوسری دکانوں کے سامنے سوشل ڈیسٹینس پر عمل لازمی ہے۔کارپوریشن کی جانب سے پانچوں پربھاگ کے وارڈ آفیسر کو محفوظ فاصلہ کیلئے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK