Inquilab Logo

شب برأت میں بندگانِ خداکی گھروں میں عبادت کرکے قرب ِخداوندی حاصل کرنے کی کوشش

Updated: April 11, 2020, 6:14 AM IST | Saeed Ahmed Khan / Saadat Khan | Mumbai

قبرستانوں میں سناٹا رہا،پولیس اورسماجی نمائندوں نےعوام کو ایک سے دوسری گلی میں جانےنہیں دیا۔ شب برأت میں گھروں سے نہ نکلنے پر پولیس کی جانب سے مسلم علاقوں کے مکینوں کا شکریہ بھی ادا کیاگیا۔

Empty mosque during Shabe baraat. Photo : Inquilab
شب برأت میں مسجدخالی نظرآرہی ہے۔ تصویر: انقلاب

 کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب شب برأت کے موقع پر بندگانِ خدا نے اپنے اپنے گھروں میں عبادت کرکے قرب ِ خداوندی حاصل کرنے کی کوشش کی اور اپنے وہ قریبی عزیز جو دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ، ان کے لئے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا۔ متعدد افراد سے اس ضمن میں بات چیت کرنے پر ان کا تاثر یہ تھا کہ ان کی یادداشت کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب شب برأت میں قبرستانوں میں سناٹا چھایا رہا اور دلی خواہش کے باوجود انہوں نے پولیس شہری انتظامیہ ، ٹرسٹیان اورعلماء کی اپیلوں پر پوری سنجیدگی اور اہتمام سے عمل کیا۔ اس بارے میں محمد عارف رضوی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ قبرستان جانے کا موقع نہ ملنے کے سبب انہوں نے گھر میں اہل خانہ کے ساتھ قرآن کی تلاوت ،نوافل، دعائے نصف شعبان اور درود پاک کے ورد کا اہتمام کیا۔ ان کے مطابق ایک جانب جہاں قبرستان نہ جانے کاقلق ہے وہیں اس بات پر اطمینان بھی ہے کہ رب العالمین نے گھر میں رہ کر اپنا نام لینے اور نیک عمل کرنے کی توفیق دی۔محمد شمیم خان نے کہا کہ ممبئی میں وہ ۲۵؍ سال سے زائد وقت سے رہتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا کہ شب برأت میں قبرستان جانے اور مسجدوں میں اس رات عبادت کرنے کا موقع نہ ملا ہو ۔دیگر بڑی راتوں کے مقابلے سب سے زیادہ لوگ شب برأت میں ہی قبرستان آتے ہیں لیکن اس دفعہ یہ ممکن نہ ہوسکا۔ حاجی عبدالرحیم خان کے مطابق یہ واقعی پہلا موقع رہا ہوگاجب ممبئی شہر اور مضافات کے تمام قبرستانوں میں پوری طرح سناٹا تھااور تمام قبرستان کے گیٹ بند تھےلیکن یہ بھی بہت اچھی اور خوشی کی بات ہے کہ لوگوں نے گھروں میں اپنے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ خالق ومالک کی بارگاہ میں دعائیں کیں ۔ امید ہے کہ رب تبارک وتعالیٰ اپنے بندوں پر رحم فرمائے گا اور کورونا وائرس کی مصیبت اور اس سے پیداحالات سے ان کو راحت ملے گی۔
 شب برأت میں جنوبی ممبئی کے بھی علاقوں مدنپورہ، آگری پاڑہ، ناگپاڑہ، ڈنکن روڈ ، دوٹانکی، بھنڈی بازار ، محمد علی روڈ اور ڈونگری وغیرہ میں سناٹا رہا۔ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔ شبِ برات پر خصوصی طورپر اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری دینےکیلئے متعلقین جاتے ہیں مگرمرین لائنس اور ناریل واڑی قبرستان پر رات بھر سناٹا رہا۔ دونوں قبرستانوں پر پولیس اور سماجی نمائندوں نے رات بھر ڈیوٹی دی اور کسی کو بھی قبرستان کے قریب نہیں جانے دیا۔ایسی بھی اطلاع ہےکہ ناریل واڑی قبرستان کے صدر دروازے کو پولیس نے خود مقفل کرکے چابی اپنے قبضہ میں رکھی تھی ۔ جمعہ کی نماز تک یہاں پولیس کا سخت پہرہ رہا۔ مسلم محلوں میں ذمہ دار شہریوں نے خود بھی رات بھر ڈیونی دی اورکسی کوبھی باہر نہیں جانے دیا۔ جمعہ کو پولیس کی جانب سے مسلم علاقوں میں شب برأت پر گھروں سے نہ نکلنے کیلئے اعلان کے ذریعے اظہار تشکر ادا کیاگیا۔
 ناریل واڑی قبرستان کے احاطےمیں رہنےوالے فرقان چشتی نے بتایاکہ ’’ پولیس کا بہت معقول بندوبست تھا۔ پورے علاقے کو پولیس چھائونی میں تبدیل کردیاگیاتھا۔ حتیٰ قبرستان کے صدردروازے کو مقفل کرکے سینئر پولیس آفیسر نے اس کی چابی اپنےپاس رکھی تھی تاکہ کوئی قبرستان کے احاطے میں داخل نہ ہو۔پولیس کی اتنی سیکوریٹی کے باوجود کچھ افراد ضروریہاں تک پہنچے تھے لیکن پولیس نے انہیں ڈرا دھمکا کر واپس کردیا۔ پولیس کی سختی کی وجہ سے کوئی قبرستان کے اندر نہیں داخل ہوسکا۔ یہاں تک کے جو لوگ قبرستان کے احاطے میں رہتےہیں ، انہیں بھی گھروں سے باہر نہیں نکلنے دیاجارہاتھا۔ ‘‘ سنی بڑی مسجد مدنپورہ کے نگراں محمد اقبال انصاری نے بتایا کہ ’’ شب ِ برات پر مدنپورہ اور اطراف کے کسی بھی علاقے سے کسی طرح کی شکایت سننے میں نہیں آئی ۔یہ ایک اچھی بات ہے۔ تمام لوگوں نے گھروں میں عبادت کی ۔ نوجوانوں نے بھی بڑی سمجھداری کا مظاہرہ کیا ۔ کوئی بھی اپنے گھر سے نہیں نکلا اور کسی نے بھی بائیک وغیرہ کا استعمال نہیں کیا۔‘‘ محمد علی روڈ کے سماجی کارکن امین پاریکھ نے بتایاکہ ’’ پولیس کا سخت انتظام رہا۔ اطراف کے تمام علاقوں میں لوگوں نے گھروں میں عبادت کی ۔ پولیس کے ساتھ مقامی سماجی نمائندوں نے بھی نوجوانوں اوربچوں کو گھروں تک محددو رکھنے میں اہم رول ادا کیا۔ کسی کو پیدل بھی ایک سے دوسری گلی جانے کی اجازت نہیں دی۔ ان تمام کوششوں کی وجہ سے پورے شہر میں شب ِ برأت کے موقع پر کسی طرح کا بدامنی والا ماحول پیدا نہیں ہوا۔‘‘ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے جمعہ کو نمازسے قبل مدنپورہ، سانکلی اسٹریٹ ، مورلینڈروڈ اور بیلاسس روڈ وغیرہ علاقوں میں شب ِ برات کے موقع پر گھروں میں عبادت کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK