Inquilab Logo

نالندہ میں لاک ڈائون کے سبب پریشان لوگوں کیلئے کمیونٹی کچن کا اہتمام

Updated: March 28, 2020, 9:39 AM IST | Rajgir

پہلے دن ۸۰۰؍ افرادکا کھانا بنا کر تقسیم کیا گیا ، مقامی کونسلروں کی دی گئی فہرست کے مطابق علاقے کے لوگوں تک کھانا پہنچایا جائے گا ۔

Nitish Kumar (file photo). Photo: INN
نتیش کمار۔( فائل فوٹو)۔ تصویر: آئی این این

 ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران کئی ایسے بھی لوگ ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی کیلئے دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے لوگوں کی مدد کیلئے بہار کے شہر نالندہ میں ایک عمدہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ یہاں ریاستی حکومت کی ہدایت پر نالندہ میں کمیونٹی کچن کی شروعات کر دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ملک میں ۲۱؍دنوں کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سے لوگ اپنے گھروں میں رہنے کو مجبور ہیں اور ان کے سامنے کھانے پینے کامسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ بہار شریف کے بائی پاس کے قریب واقع ایکتا شکتی فاؤنڈیشن کے کچن میں جمعہ سے کھانا بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ پہلے دن یہاں ۸۰۰؍لوگوں کا کھانا تیار کروایا جا رہا ہے ۔ جبکہ اس کچن کی استطاعت ایک ساتھ ۱۰ ؍ ہزارلوگوں کے کھانا بنانے کی ہے ۔ 
 اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ یوگیندر سنگھ نے کمیونٹی کچن کا معائنہ کرنے کے بعد بتایاکہ یہاں سے کھانا بنوانے کے بعد متعلقہ وارڈ کونسلر کی فہرست کی بنیاد پر جتنی انہیں ضرورت ہوگی انہیں کھانا پہنچایاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سبھی کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے ۔اسی مقصد سے اس کمیونٹی کچن کی شروعات کی گئی ہے ۔ 
 ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگرایسا کوئی شخص ہو جس کا نام فہرست میں شامل نہ ہو اوران کے ساتھ کوئی دقت ہوتو براہ کرم وہ ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر ضلع ایجوکیشن افسر منوج کمار ، ضلع فلاحی افسر سشیل کمار سنگھ ، ضلع پروگرام افسر مڈ ڈے مل منصوبہ شنکر پریہ ، بلاک مڈڈے مل انچارج ششی رنجن کمار کے علاوہ متعدد افسران اور کچن کے منیجر اروند کمار موجود تھے ۔ 
  واضح رہے کہ بہار میں کچھ عرصہ پہلے آئے سیلاب کے دوران بھی کمیونٹی کچن کا انتظام کیا جا چکا ہے تاکہ سیلاب زدگان کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا جا سکے۔ اس بار لاک ڈائون کی وجہ سے دہلی سے ہزاروں بہاری مزدور اپنے وطن لوٹ رہے ہیں جن کے پاس وسائل ہیں نہ روزگار۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK