Inquilab Logo

ریزرو بینک نےمختلف لون پر ای ایم آئی کی ادائیگی کو ۳؍ ماہ کیلئے موخر کیا

Updated: March 28, 2020, 11:14 AM IST | Mumbai

آر بی آئی کو یہ وضاحت دینی پڑی ہے کہ کوئی قسط معاف نہیں کی جارہی بلکہ اس کیلئے وقت دیا جا رہا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 کورونا وائرس کی وجہ سے سنگین بحران سے دوچارہندوستانی اقتصادیات میں قرض لیکر مکان خریدنے والے ، کار خریدنے والے ، پرسنل لون لینے والے یا دیگر قرض داروں کو تین مہینے تک ای ایم آئی ادا کرنے سے راحت مل گئی ہے حالانکہ کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنے والوں کو فی الحال یہ راحت نہیں مل رہی ہے ۔ اس کے باوجود یہ سمجھا جارہا ہے کہ ریزرو بینک نے۳؍ ماہ کا قرض معاف کردیا ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔ اس سلسلے میں خود ریزرو بینک کو یہ وضاحت دینی پڑ رہی ہےکہ اس نے قسط معاف نہیں کی ہے بلکہ ای ایم آئی کی ادائیگی کو موخر کردیا ہے۔ یہ بھی اچھی بات ہے کیونکہ قرض لیا ہے تو ادا کرنا تو ہو گا ہی ابھی تین مہینے کے لئے نہیں دینا ہے لیکن بعد میں دینا ہو گا ۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانت داس نے مالیاتی پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد کئی بڑے اعلانات میں ٹرم لون لینے والے سبھی گاہکوں کو تین مہینے تک ای ایم آئی نہیں ادا کرنی ہو گی یہ بات بھی کہی ۔ یہ فائدہ سرکاری اور نجی شعبے کے بینکوں ، علاقائی دیہی بینکوں ، سہکاری بینکوں یا کسی ہاوسنگ فائنانس کمپنی سے ٹرم لون لینے والے سبھی گاہکوں کو ملے گا ۔ معلوم ہو کہ بینکنگ کی دنیا میں ٹرم لون اس قرض کو کو کہا جاتاہے جس کی ادائیگی کے لئے بینک ایک طے شدہ رقم کی قسط باندھ دیتی ہے اسے ہی عام زبان میں ای ایم آئی کہا جاتا ہے ۔ اس لحاض سے اس اعلان کا فائدہ ہوم لون لینے والوں کو ، کار یا کسی دیگر موٹر سائیکل کے لئے لون لینے والوں کو ، پرسنل لون لینے والوں کو اور مشینری کے لئے لون لینے والے کاروباریوں وغیرہ کو ملے گا ۔اس میں کاروباری لون اور ہوم لون لینے والوں کو سب سے زیادہ فائدہ ملنے کی امید ہے۔
  ریزرو بینک کے اعلان کے بعد کچھ لوگ یہ ماننے لگے ہیں کہ انہیں تین مہینے تک لون کی ای ایم آئی نہیں ادا کرنی ہو گی بلکہ انہیں اس سے آزادی مل جائے گی لیکن ایسی بات نہیں ہے ۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے صرف تین مہینے تک ای ایم آئی کی ادائیگی کو ٹالا ہے اور اسے آگے بڑھا دیا ہے اس سے گاہکوں کو کورونا کے دور میں زائد رقم دستیاب ہو جائے گی لیکن انہیں ۳؍ ماہ بعد لون ادا کرنا ہے اور جو ۳؍ ماہ بڑھائے گئے اس سے ان کا لون بھی تو ۳؍ ماہ کے لئے بڑھ گیا ہے۔ ان تین مہینوں کی میعاد کا زائد سود بھی گاہکوں کو ادا کرنا ہو گا ۔ اس لحاظ سے یہ گاہکوں کے لئے وقتی فائدہ ہے جبکہ طویل مدت میں انہیں ۳؍ ماہ کا زائد سود بھی ادا کرنا پڑے گا۔ 
  دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک سینئر افسر نے واضح کیا کہ کریڈٹ کارڈ کا بل ٹرم لون نہیں ہے بلکہ آپ کی خریداری کا بل ہے اور یہ ریزرو بینک آف انڈیا کے اعلان میں شامل نہیں ہے ۔ بینک کا کہنا ہے کہ اگر ہاں کسی نے کریڈٹ کارڈ سے بڑی خریداری کی ہے اور اسے ای ایم آئی میں تبدیل کرلیا ہو تو اس پر اسے نافذ کیا جا سکتا ہے لیکن اس کیلئے بھی متعلقہ اتھاریٹی کو ایک وضاحت جاری کرنا ہو گا ۔ بینک بازار ڈاٹ کام کے سی ای او عادل شیٹی کا کہنا ہے کہ قرض کی ای ایم آئی ادائیگی پر تین مہینے کی چھوٹ گاہکوں کیلئے بڑی راحت ہو گی یہ اس لئے کیونکہ ابھی کورونا وائرس کے قہر کی وجہ سے اقتصادی نظام میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہاہے ۔ ریزرو بینک نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تین مہینے تک ای ایم آئی نہیں ادا کرنے سے ان کے کریڈٹ اسکور پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ ماہرین کے مطابق ریزرو بینک نے سامنے کے حالات کو دیکھ کر بہتر فیصلہ کیا ہے لیکن گاہک اپنی سہولت کو دیکھیں کیوں کہ ای ایم آئی ۳؍ ماہ موخر ہونے سے انہیں فائدہ تو ہو گا لیکن ۳؍ مہینوں کےبعد انہیں اسے ادا کرنا ہو گا۔ اس لئے وہ اپنے فائنانس کے فیصلے خود کریں اور اپنی سہولت دیکھیں کیوں کہ رقم بھی انہیں ہی ادا کرنی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK