Inquilab Logo

ممبئی میں کورونا کی دوسری لہر نہیں ہے، لاک ڈاؤن کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں

Updated: February 23, 2021, 11:11 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

میونسپل کمشنر اقبال چہل نےاطمینان دلایا، کہا کہ وزیراعلیٰ بھی لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہیں، پابندیوں پر عمل کی تلقین

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

ان اندیشوں  کے بیچ کہ کیا ممبئی میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ ہوگا، بی ایم سی کمشنر اقبال چہل نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارپوریشن کاابھی ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ سی این بی سی ٹی وی ۱۸؍ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے اس اندیشے کو بھی خارج کیا کہ ممبئی کو کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ اقبال چہل کے مطابق’’حالیہ دنوں میں نئے مریضوں  کے سامنے آنے کو میں کورونا کے معاملات میں اضافہ کہوں گا، اسے دوسری لہرنہیں کہوں گا۔‘‘
 لاک ڈاؤن  کےاندیشوں پر ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم نئی پابندیوں کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہے ہیں، البتہ جو پابندیاں ہیں ان  کے نفاذ کو پوری سختی سے  یقینی بنائیں گے۔‘‘چہل نے مزید کہا کہ ’’وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ ان کی حکومت لاک ڈاؤن کے خلاف ہے، بی ایم سی بھی لاک ڈاؤن نہیں چاہتی۔‘‘ ... شہر میں کورونا کی صورتحال کو سمجھاتے ہوئے  میونسپل کمشنر نے بتایا کہ جھوپڑ پٹی   کے علاقوں  میں کورونا کے معاملات میں کمی آئی ہے، نئے مریض  ان  علاقوں  سے  آرہے  ہیں  جن میں  متوسط،   امیر اور  بہت زیادہ امیر طبقے  کےلوگ آباد ہیں۔انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ۱۰۰؍ سے ۲۰۰؍ یومیہ مریض تو لوکل ٹرینوں  کی بھیڑ کا نتیجہ ہوسکتے ہیں۔  انہوں نے مزید بتایاکہ ۸۵؍ فیصد مریضوں  میں  علامات نہیں  پائی گئی ہیں۔ شہر کے میونسپل کمشنر نے اطمینان دلایا کہ گزشتہ روز کورونا کے جو ۷۵۰؍ نئے معاملات سامنے آئے، ان میں سے صرف ۱۰۸؍ایسے تھے جنہیں اسپتال داخل کرنے کی ضرورت تھی۔  کورونا   کے معاملات  میں اضافے کو روکنے کیلئے  بی ایم سی کے اقدامات کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ ’’جن سوسائٹیوں  میں کورونا کے ۵؍ سے زیادہ مریض ملیںگے، انہیں سیل کردیا جائےگا۔ کورونا کے جن مریضوں  میں  علامات نہیں ہیں ان   کے جسم  پر کورونا سے متاثر ہونے کا اسٹمپ لگایا جائے گا۔ہم ان پر سختی سے نگاہ رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ لوگ قرنطینہ میں رہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK