Inquilab Logo

دنیا بھر میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد ۵۳؍ ہزار

Updated: April 04, 2020, 6:20 AM IST | Washington

امریکہ میں پھر ۲۴؍ گھنٹوں کے درمیان تقریباً ایک ہزار اموات۔ مہلوکین کی مجموعی تعداد ۶؍ ہزار ۵۸؍ہوگئی۔ اٹلی میں اموات کا سلسلہ بدستور جاری مہلوکین کی تعداد ۱۴؍ ہزار کے قریب پہنچی۔ برطانیہ میں ایک ہی دن میں ۵۷۰؍ مریض ہلاک جن میں اکیلے لندن میں ۱۰۰؍ لوگوں کی موت۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد ایک روز قبل ہی ۱۰؍لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی اب خبر آئی ہے کہ ۵۳؍ ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

A Factory in Italy. Photo : PTI
اٹلی کی ایک فیکٹری۔ تصویر: پی ٹی آئی

 دنیا بھر میں کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد ایک روز قبل ہی ۱۰؍لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی اب خبر آئی ہے کہ ۵۳؍ ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مجموعی طور پر اموات کی تعداد ۱۰؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار ۱۹۱؍ ہے جبکہ اموات ۵۳؍ ہزار ۴۴۸؍ ہوئی ہیں ۔ امریکہ ، اٹلی اور اسپین وغیرہ میں ہلاکتوں کا سلسلہ اسی تیزی سے جاری ہے جوگزشتہ چند دنوں میں دیکھنے میں آئی ہے۔
اٹلی میں ۱۳؍ ہزارسے زائد اموات
  چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اٹلی میں اس وبا نے اب تک ۱۳؍ ہزار ۹۱۵؍ لوگوں کی جان لے لی ہے۔ اسی طرح یہاں ہلاکتوں کی تعداد ۱۴؍ ہزار سے کچھ ہی کم ہے۔یہاں پر وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ۱۵؍ ہزار سے زائد ہے۔ متاثرین کی صحیح تعداد ایک لاکھ ۱۵؍ ہزار ۲۴۲؍ ہے البتہ یہاں ۱۷؍ ہزار سے زائد لوگ شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔ 
 امریکہ میں صورتحال سنگین
 امریکہ میں صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اب ۲؍ لاکھ ۴۵؍ ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ مسلسل دوسرے روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کورونا وائرس کے باعث ہلاک افراد کی تعداد یہاں ۶؍ ہزار سے زائد ہو گئی ہیں ۔ اب تک یہاں ۶؍ ہزار ۵۸؍ لوگ فوت ہو چکے ہیں ۔ واضح رہے کہ یہاں طبی انتظامیہ نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ ملک میں متاثرین کی تعداد ۲۵؍ لاکھ تک جا سکتی ہے جبکہ ہلاکتیں ایک سے ۲؍ لاکھ تک ہو سکتی ہیں ۔
 اسپین میں بھی متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ
 اسپین میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے جہاں کورونا وائرس کے مجموعی معاملات کی تعداد ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں ۱۰؍ ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں ۔ یہاں اب تک ۱۰؍ ہزار ۹۳۵؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ۱۷؍ ہزار ۷۱۰؍ ہے۔
 برطانیہ میں ایک ہی دن میں ۵۷۰؍ مریض ہلاک
برطانیہ میں بھی اب صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔گزشتہ روز برطانیہ میں ایک ہی دن میں ۵۷۰؍ سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ ان میں سے صرف لندن میں ہی ۱۰۰؍ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ وزیر صحت کی حالت بہتر ہونے پر وہ قرنطینہ سے باہر آگئے ہیں ۔ یہاں پر روزانہ ایک لاکھ ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اب تک ہلاکتوں کی تعداد ۲؍ ہزار ۹؍ جب کہ متاثرین ۳۳؍ ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں ۔
 پاکستان میں اب تک ۳۵؍ افراد ہلاک
 پڑوسی ملک پاکستان میں اموات کی تعداد روز بروز ایک مخصوص تعداد میں بڑھ رہی ہے۔ یہاں اوسطاً ۴؍ سے ۵؍ لوگ فوت ہو رہے ہیں ۔ جمعہ کو یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ۳۵؍ ہوگئی۔ یہاں اب تک ۲۴؍ سو ۵۸؍ مریض پائے گئے ہیں جو مختلف علاقو ں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ان میں سب سے زیادہ یعنی ۹۲۸؍ مریض پنجاب میں پائے گئے ہیں ۔ اس کے بعد سندھ میں ۷۸۳؍ لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد ۳۱۱؍ ہے۔ ساتھ ہی بلوچستان میں ۱۶۹؍ اور اسلام آباد میں ۶۸؍ افراد اس مرض کا شکار ہوئے ہیں ۔ گلگت بلتستان میں ۱۹۰؍ اور مقبوضہ کشمیر میں ۹؍ لوگ اس وبا میں مبتلا ہیں ۔فی الحال یہاں کئی علاقوں میں لاک ڈائون ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK