Inquilab Logo

ملک کا بینکنگ سسٹم بہت مضبوط ہے ،لوگ گھبراکر پیسے نکالنے سے گریز کریں : ریزرو بینک

Updated: March 28, 2020, 11:19 AM IST | New Delhi

لاک ڈائون کے دوران متعدد مقامات پر بینکوں پر کھاتے داروں کی بھیڑ کی وجہ سے آر بی آئی کو یہ بیان جاری کرنا پڑا ،سرکار نے بھی شاخیں بند کئے جانے کی خبروں کی تردید کی ۔

Reserve and bank of India Photo: PTI
ریزر و بینک آف انڈیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

 کورونا کی وجہ سے ملک میں ہونے والے لاک ڈائون کے دوران عوام میں شدید گھبراہٹ ہے اسی وجہ سے وہ بینکنگ سسٹم پر بھی بھروسہ نہیں کررہے ہیں اوراپنے پیسے نکالنے بینک پہنچ رہے ہیں جس کی وجہ سے بینکوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی وجہ سے ریزرو بینک کو یہ بیان جاری کرنا پڑا ہے کہ ملک کا بینکنگ نظام بہت مضبوط ہے، اس پر عوام بھروسہ رکھیں اور گھبراہٹ کی وجہ بینک سے پیسے نکالنے سے گریز کریں ۔ ریزر و بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کو شرح سود میں کمی کا اعلان کرنے کے دوران پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’’ ملک کا بینکنگ نظام دنیا کے بہترین سسٹم میں سےایک ہے۔ اس میں فی الحال کوئی پریشانی نہیں ہے لیکن اگر گاہک ایسے ہی گھبراہٹ میں یا پریشان ہو کر کوئی قدم اٹھانے کی کوشش کریں گے تو ظاہر سی بات ہے کہ بینکنگ سسٹم پر دبائو پڑے گا جسے روکنا مشکل ہو جائے گا۔ اسی لئے ہماری اپیل ہے کہ صارفین اپنے بینکوں پر بھروسہ رکھیں ۔ ان کا پیسہ بالکل محفوظ ہے۔ وہ گھبراکرپیسے نکالنے سے گریز کریں ۔‘‘واضح رہے کہ ملک میں لاک ڈائون کے اعلان کے بعدسے ہی بینکنگ سیکٹرکےشیئرس میں بھاری گراوٹ درج کی گئی ہے جس کی وجہ سے صارفین میں گھبراہٹ ہے کہ کہیں ان کے بینک ڈوب نہ جائیں ۔ اسی ڈر کو دور کرتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر نے کہا کہ بینکوں کے شیئرس پر دبائو پڑنا حقیقت ہے لیکن اس کی وجہ سے بینکوں کے ڈوبنے کی بات بالکل غلط ہے۔ اس لئے صارفین اطمینان رکھیں ۔ 
  ادھر حکومت کو بھی اس سلسلے میں وضاحت جاری کرنی پڑی ہے ۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کے پیش نظر بینک شاخیں بند کئے جانے کی افواہوں کو نظر انداز کرنے کی اپیل کی ہے۔مالیاتی خدمات کے سکریٹری دیبا سیش پانڈانے جمعہ کے روز اس تعلق سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس طرح کی افواہوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کسٹمر سروس برانچوں کو ضروری خدمات کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔سبھی کسٹمر سروس برانچیں کھلی ہوئی ہیں اور یہ خدمات فراہم کرتی رہیں گی۔ تمام شاخوں اور اے ٹی ایم میں رقم موجود ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ملک کے سب سے بڑے کمرشیل بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں نہ آئیں کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بینکوں میں ملازمین کی کمی ہے ۔ واضح رہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے عوام میں گھبراہٹ ہے اور وہ بڑی تعداد میں بینک پہنچ رہے ہیں لیکن یہاں ملازمین کی کمی کی وجہ سے بینکوں کے لئے بھی خدمات فراہم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سےعوام میں افواہیں گردش کررہی ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK